سیلاب سے متاثرہ سیالکوٹ ایئرپورٹ پر آج سے فضائی آپریشن بحال کرنے کا اعلان

سیالکوٹ ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن کی بحالی
سیالکوٹ (ڈیلی پاکستان آن لائن) شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث ایئرپورٹ پر معطل کیا گیا فضائی آپریشن بحال کرنے کا اعلان کردیا گیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ آج شام 6 بجے سے فضائی آپریشن بحال ہوجائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: ملک ریاض سے ڈیل اور صدر کے استعفے کی خبریں جعلی ہیں : سید طلعت حسین
فضائی آپریشن کی معطلی کا خاتمہ
ترجمان محمد عمیر کا کہنا ہے کہ فضائی آپریشن معطلی کا نوٹم منسوخ کردیا گیا، سیالکوٹ ایئرپورٹ سے آج شام 6 بجے سے تمام تر فضائی آپریشن بحال کردیا جائے گا۔ تمام فلائٹ آپریشن کو سیلابی پانی کے باعث عارضی طور پر معطل کیا گیا تھا، ایئرپورٹ سے سیلابی پانی کا اخراج تاحال بھی جاری ہے، رن وے، ٹیکسی وے، ایپرون سمیت ٹرمنل بلڈنگ اور مرکزی احاطہ سیلابی پانی سے مکمل محفوظ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مودی کے خطاب سے لگتا ہے کہ انہیں ابھی تک مکمل چین نہیں آیا: عمر ایوب
اداروں کا شکریہ
سیالکوٹ ایئرپورٹ انتظامیہ نے پاک فوج اور ضلعی انتظامیہ کی معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال پر انتظامیہ کڑی نظر رکھے ہوئے ہے، ایئرپورٹ پر نصب تمام تر آلات مکمل محفوظ ہیں۔
معطلی کی تاریخ
واضح رہے کہ سیالکوٹ ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن شدید بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث 28 اگست کو معطل کیا گیا تھا۔