کالا باغ ڈیم ریاست کے لیے ضروری ہے، صوبائیت کے چکر میں پاکستان کو نقصان نہیں پہنچاسکتے، علی امین گنڈا پور نے کالا باغ ڈیم کی کھل کر حمایت کردی

کالا باغ ڈیم کی اہمیت
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم ریاست کے لیے ضروری ہے اور اگر اس پر کسی کے تحفظات ہیں تو انہیں دور کیا جائے۔ خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پارٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور آنے والی نسلوں کیلئے کالا باغ ڈیم بنانا ہوگا، صوبائیت کے چکر میں پاکستان کو نقصان نہیں پہنچاسکتے، پورے پاکستان کے فائدے کو پیچھے نہیں دھکیلا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: پی آئی اے کی نجکاری کیلئے دلچسپی کی درخواستیں جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع
ڈیم کی تعمیر اور بارشوں کی تباہی
ان کا کہنا تھا کہ ڈیم نہ بننے کی وجہ سے بارشوں اور سیلاب سے اتنی زیادہ تباہی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم کچھ ڈیمز کے نام لینے سے ڈرتے ہیں، کالا باغ ڈیم ریاست کے لیے ضروری ہے اور اگر اس حوالے سے کسی کے تحفظات ہیں تو بات کر کے انہیں دور کیا جائے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ہم کالا باغ ڈیم کی تعمیر کے لیے اپنا حصہ دینے کے لیے تیار ہیں، دیگر صوبوں کو اس میں حصہ ڈالنا چاہیے تاکہ ڈیم کی تعمیر ممکن ہو سکے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت کی شہید سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف کے گھر آمد، اہلخانہ کے ساتھ اظہارِ تعزیت
ڈیموں کی تعمیر میں دیر اور موجودہ اقدامات
علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ہم نے ڈیم بنانے میں تاخیر کی اس وجہ سے اتنا زیادہ نقصان ہوا ہے اور اب صوبائی حکومت اپنے طور پر ڈیم بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں قدرتی آفات کے حوالے سے کام نہیں کیا گیا اور نہ ہی ڈیم بنائے گئے، ہم نے گزشتہ سال 6 ڈیم مکمل کیے ہیں، گومل زام ڈیم بن گیا ہے جس کی وجہ سے نقصانات کم ہوئے ہیں اور اب ہم مختلف اضلاع میں ڈیم بنا رہے ہیں تاکہ مسائل کم ہوں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم پشاور کے تحفظ کے لیے جبہ ڈیم بنارہے ہیں، بڈھنی پشاور سے سیلاب سے بچاؤ کے لیے حفاظتی دیوار بنائی جارہی ہے۔
کلائوڈبرسٹ اور حفاظتی اقدامات
علی امین گنڈاپور نے بتایا کہ بونیر میں کلائوڈبرسٹ ہوا ہے جس کا درختوں سے کوئی تعلق نہیں، کلائوڈبرسٹ موسم میں حدت کی وجہ سے ہو رہے ہیں جو کہیں بھی ہو سکتے ہیں۔ پتھروں کو سیلاب کے ساتھ روکنے کے لیے سوئزرلینڈ کی طرز پر نیٹ لگائے جائیں گے۔