سیلاب متاثرین کو خشک راشن کی فراہمی بھی شروع

سیلاب متاثرین کی مدد میں مریم نواز کی قیادت
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ مریم نواز کی پنجاب ٹیم صوبہ بھر میں دن رات عوام کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ فلڈ ریلیف کیمپوں میں ہزاروں سیلاب متاثرین کے لئے صبح، دوپہر اور شام کے کھانے کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز سیلاب متاثرہ علاقوں میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ میں کھانے کی فراہمی پر رپورٹ لیتی رہیں۔ صوبائی وزراء، ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر خود جا کر سیلاب متاثرین کو کھانا پیش کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ٹرمپ کی بیٹی بچے کی ماں بن گئی
خشک راشن کی فراہمی کا آغاز
وزیراعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر صوبہ بھر میں سیلاب متاثرین کو خشک راشن کی فراہمی کا بھی آغاز کر دیا گیا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں بوٹس پر جا کر سیلاب متاثرہ علاقوں میں گھر گھر کھانا مہیا کرنے میں مصروف ہیں۔ سیلاب متاثرہ علاقوں میں گھروں میں مقیم ہزاروں خاندانوں کو کھانا بھی پہنچایا جا رہا ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز نے ہدایت کی کہ ریسکیو ٹیم کو ہر جگہ پہنچنا چاہیے، کوئی سیلاب سے متاثرہ فرد کھانے سے محروم نہ رہے۔
فلڈ کیمپوں میں ناشتے اور دیگر امداد کا اہتمام
پاکپتن، خانیوال کے فاضل شاہ اور دیگر علاقوں کے فلڈ کیمپوں میں مقیم سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لئے عمدہ ناشتے کا اہتمام بھی کیا جا رہا ہے۔ ساہیوال کے ریلیف کیمپوں میں کھانا اور متاثرہ علاقوں میں راشن کی فراہمی جاری ہے۔ بورے والا اور دیگر سیلاب متاثرہ علاقوں میں مویشیوں کے لئے چارے کی فراہمی بھی جاری ہے۔ بہاولنگر کے دریائے بیلٹ کی تمام تحصیلوں کے متاثرہ علاقوں میں کھانا اور خشک راشن تقسیم کیا جا رہا ہے۔ تحصیل شجاع آباد کے فلڈ ریلیف کیمپوں میں سیلاب متاثرہ خاندانوں کے کم سن بچوں کو دودھ فراہم کیا جا رہا ہے۔ کبیروالا کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں راشن کی فراہمی اور متاثرہ خاندانوں کو کھانا بھی مہیا کیا جا رہا ہے۔