آغا خان آرکیٹیکچر ایوارڈ 2025 کا اعلان ’’ویژن پاکستان‘‘ فاتح قرار

ویژن پاکستان عمارت کو عالمی ایوارڈ حاصل
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں واقع ’’ویژن پاکستان‘‘ عمارت نے آرکیٹیکچر کا عالمی ایوارڈ حاصل کرلیا۔
ایوارڈ کی تفصیلات
تفصیلات کے مطابق ویژن پاکستان عمارت کو 16ویں ایوارڈ سائیکل کے تحت 7 ممالک کے ساتھ منتخب کیا گیا ہے۔ ایوارڈ حاصل کرنے والے دیگر ممالک میں بنگلہ دیش، چین، مصر، ایران اور فلسطین شامل ہیں۔ یہ عمارت ڈی بی سٹوڈیز نے جدید خطوط پر ڈیزائن کی ہے۔ پاکستانی و عرب فنِ تعمیر سے متاثرہ یہ عمارت پسماندہ نوجوانوں کو پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے والے خیراتی ادارے کا مرکز ہے۔
نوجوانوں کے لیے ہنر کی تربیت
اسلام آباد میں قائم ’’ویژن پاکستان‘‘ نوجوانوں کو ہنر سکھانے کے لیے ایک انسٹی ٹیوٹ ہے، جس کی عمارت آرکیٹیکٹ سیف اللہ صدیقی نے ڈیزائن کی ہے۔
آرکیٹیکٹ کا پیغام
آرکیٹیکٹ سیف اللہ صدیقی نے کہاہے کہ ’’یہ عمارت ایک ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ ہے، جس کا مقصد کم وسائل والے بچوں کو خود مختاری سیکھنے کا ماحول فراہم کرنا ہے۔ ہم جو بھی پروجیکٹ تعمیر کرتے ہیں اس میں موسمیاتی تبدیلی کو مدنظر رکھتے ہیں۔‘‘
زندگی بدلنے کا وعدہ
ویژن پاکستان کی کلائنٹ رشدا طارق قریشی نے کہا ہے کہ ’’یہ عمارت صرف جمالیاتی طور پر خوبصورت نہیں ہے، بلکہ یہ ایک ایسی جگہ ہے جہاں زندگیوں کو بدلنے کی طاقت ہے۔ کوئی بھی نوجوان جو کبھی کسی منظم کلاس روم یا روشن مستقبل کا حصہ نہیں رہا، جب یہاں آتا ہے تو یہ جگہ اسے مکمل طور پر بدل دیتی ہے۔‘‘