پنجاب میں دفعہ 144 نافذ، فیڈ ملز میں گندم کے استعمال پر فوری پابندی عائد

حکومت پنجاب کا فیصلہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) انسانی استعمال کیلئے گندم کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے حکومت پنجاب کا بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے۔ حکومت پنجاب نے صوبہ بھر کی فیڈ ملز میں گندم کے استعمال پر فوری پابندی عائد کر دی ہے۔ دفعہ 144 کا نفاذ گندم، آٹے اور روٹی کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ٹیسٹ رینکنگ جاری، شاہین آفریدی کی مزید تنزلی، کونسے نمبر پر چلے گئے؟ جانیے
پابندی کی وضاحت
سیکرٹری داخلہ پنجاب کے جاری کردہ حکمنامے کے مطابق گندم صرف فلور ملز میں آٹا بنانے کیلئے استعمال ہوگی۔ ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے صوبے میں گندم کی ممکنہ قلت کے خدشات کے پیشِ نظر یہ اہم فیصلہ کیا۔ پنجاب میں فیڈ ملز کے پاس 1 لاکھ 4 ہزار 184 میٹرک ٹن گندم کا ذخیرہ موجود ہے۔ سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ کی رپورٹ کے مطابق فیڈ ملز اس بڑی مقدار میں گندم کو مرغیوں کے دانے کیلئے استعمال کرنے والی تھیں۔
یہ بھی پڑھیں: سٹاک مارکیٹ کریش کر گئی
انسانی خوراک کی ترجیحات
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق گندم انسانی بنیادی خوراک ہے جسے مرغیوں کے دانے کی بجائے آٹے کی تیاری میں استعمال ہونا چاہیے۔ صوبہ بھر میں فیڈ ملز پر 30 دن کیلئے گندم کے استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ضابطہ فوجداری 1898 کی دفعہ 144(6) کے تحت پابندی عائد کی۔
پابندی کا نفاذ
محکمہ داخلہ پنجاب کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق پابندی کا اطلاق جمعہ 3 اکتوبر تک ہوگا۔ عوام الناس کی آگاہی کیلئے حکمنامے کی سرکاری گزٹ، اخبارات اور ذرائع ابلاغ کے ذریعے بھرپور تشہیر کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔