بیٹے کو سیلابی ریلے سے بچاتے ہوئے باپ نے اپنی جان دے دی

مظفر گڑھ میں افسوسناک واقعہ
مظفر گڑھ(ڈیلی پاکستان آن لائن) تحصیل علی پور میں سیلابی ریلے سے بیٹے کو بچاتے ہوئے ایک شخص ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔ مظفر گڑھ کی تحصیل علی پور میں ہیڈ پنجند کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب آیا، جس کے نتیجے میں مزید کئی بستیاں زیر آب آگئیں۔ سیلاب میں ریلے سے بیٹے کو بچاتے ہوئے باپ خود ڈوب کر جاں بحق ہوگیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں دوبارہ احتجاج کی کوئی کال نہیں دی، پی ٹی آئی کی تردید
بہاولپور میں سیلاب کی تباہی
بہاولپور میں دریائے ستلج کے سیلابی ریلے سے 4 تحصیلوں کے 100 سے زائد دیہات زیر آب آگئے، ضلع بھر میں ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ ملتان کی تحصیل جلالپور پیر والا میں تباہی مچانے کے بعد سیلابی ریلے نے شجاع آباد کا رخ کرلیا۔ بستی دھوندو کے مقام پر دریائے چناب کے سپر بند میں شگاف پڑنے سے پانی درجنوں بستیوں سے ہوتا ہوا شہر کی جانب بڑھنے لگا۔
مزدوروں کو خطرہ
شگاف پُر کام کرنے والے 3 مزدور ریلے میں بہہ گئے، 2 کو بچا لیا گیا جبکہ ایک کی تلاش جاری ہے۔ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت ساز و سامان اور مویشی کے ساتھ نقل مکانی کر رہے ہیں۔