ون وے کی خلاف ورزی کرنے والی موٹر سائیکل کی ٹکر سے صحافی حسن صدیقی جاں بحق، ملزمان موقع سے فرار
حادثہ لاہور میں صحافی کی جان لے گیا
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) لاہور کے علاقے لبرٹی چوک پر مخالف سمت سے آنے والی تیز رفتار موٹر سائیکل کی ٹکر سے صحافی حسن صدیقی جاں بحق ہو گئے۔ عینی شاہدین کے مطابق حسن صدیقی ڈیلی پاکستان کی پارکنگ سے نکل کر ابھی مین روڈ پر آئے ہی تھے کہ مخالف سمت سے ون وے کی خلاف ورزی کرتی ہوئی تیز رفتار موٹر سائیکل ان سے ٹکرا گئی۔ حادثے میں حسن شہزاد صدیقی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی تک رسائی کا معاملہ ، جیل اصلاحاتی کمیٹی کی رکن خدیجہ شاہ نے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا
موقع پر فرار ہونے والے موٹر سائیکل سواروں کے خلاف کارروائی
تھانہ گلبرگ میں دی گئی درخواست کے مطابق لبرٹی چوک پر ون وے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دو موٹر سائیکل سواروں نے حسن صدیقی کی موٹر سائیکل کو ٹکر ماری اور موقع سے فرار ہو گئے۔ درخواست میں مطالبہ کیا گیا کہ ون وے کی خلاف ورزی کرنے والے موٹر سائیکل سواروں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے۔
حسن صدیقی کی تدفین کی تفصیلات
واضح رہے کہ حسن صدیقی ڈیلی پاکستان ڈیجیٹل اور ایس اے ٹائمز سمیت دیگر صحافتی اداروں سے منسلک رہے ہیں۔ ان کی نماز جنازہ اور تدفین کل بروز ہفتہ صبح 6 بجے یو ای ٹی قبرستان میں ادا کی جائے گی۔








