لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری اور جیو، دنیا سمیت لاہور کے سینئر کرائم رپورٹرز کو NCCIA کا نوٹس جاری، یاسر شامی

نوٹسز کا اجراء
لاہور (یاسر شامی سے) لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری سمیت لاہور سے تعلق رکھنے والے متعدد سینئرکرائم رپورٹرز کو نیشنل کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کی طرف سے نوٹس جاری کردیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: افسوس ہے وزیراعلیٰ پنجاب کو گٹر کھلوانے کے لیے خود آنا پڑتا ہے، ترجمان سندھ حکومت
الزامات اور صحافیوں کی حیثیت
لاہور پریس کلب کے صدر ارشد انصاری کے علاوہ جیو نیوز کے احمد فراز، دنیا نیوز کے مجاہد شیخ، ایک نیوز کے شیراز نثار کے علاوہ سینئر کرائم رپورٹرز وسیم صابر اور یاسر شمعون کو بھی این سی سی آئی اے کی طرف سے نوٹسز جاری کیے گئے ہیں۔ ان صحافیوں پر الزام ہے کہ وہ پولیس کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اس لیے پیش ہو کر اپنی صفائی دیں۔ یہ الزام اپنے آپ میں ہی انتہائی مضحکہ خیز ہے کیونکہ کرائم رپورٹر کا کام ہی جرائم اور پولیس کی نا اہلی کو سامنے لانا ہوتا ہے۔
صحافتی تنظیموں کا ہنگامی اجلاس
این سی سی آئی اے کے نوٹسز ملنے کے بعد لاہور پریس کلب میں صحافتی تنظیموں کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پیر کے روز تمام صحافی صبح 11 بجے لاہور ہائیکورٹ بار جائیں گے۔ جہاں ہائیکورٹ بار کے صدر آصف نسوانہ، لاہور بار کے صدر مبشر رحمان، پی ایف یوجے کے سیکرٹری جنرل و صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، ممبر ایف سی سی شفیق اعوان، پی یوجے کے صدر نعیم حنیف، پنجاب اسمبلی پریس کلب گیلری کے صدر خواجہ نصیر، کرائم رپورٹرز ایسوسی ایشن کے صدر علی ساہی، سیکرٹری جنرل مجاہد شیخ، کورٹ رپورٹرز ایسوسی ایشن اور فوٹو جرنلسٹس سمیت وکلاءقائدین مشترکہ طور پر پریس کانفرنس کریں گے، اور آئندہ کا لائحہ عمل دیا جائے گا۔ جس کے بعد صحافی قائدین اور وکلاءایک ریلی کی قیادت میں این سی سی آئی اے کے دفتر جائیں گے۔