بانی پی ٹی آئی نے 4 پیغامات بھیجے ہیں، عمران خان نے کہا حرمین شریفین کی حفاظت ہمارے لئے سعادت ہے،علیمہ خان

علیمہ خان کا بیان
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے عمران خان کہتے ہیں 27 ستمبر کے جلسے میں پوری قوم نکلے، میڈیا کا گلا گھونٹ دیا گیا ہے، یہ جلسہ قوم کی آزادی کے لیے ہے، بانی نے پارٹی کو ہدایت کی ہے جلسے کو کامیاب بنائیں۔ جلسے کی ذمہ داری علی امین گنڈا پور اور جنید اکبر کو سونپی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری کاروباری اداروں کے منافع میں کمی، پاور سیکٹر کے نقصانات 5 ہزار 900 ارب روپے تک پہنچ گئے
اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو
اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے 4 پیغامات بھیجے ہیں، بانی نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے معاہدہ کی بہت اہمیت ہے، پاکستان کو عالمی سطح پر رابطے تیز اور بحال رکھنے چاہییں، بانی نے کہا حرمین شریفین کی حفاظت ہمارے لئے سعادت ہے۔
یہ بھی پڑھیں: راولپنڈی: پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس کا مری روڈ پر سامنا
توشہ خانہ کیس پر رائے
علیمہ خان نے کہا کہ توشہ خانہ کیس میں ایک گواہ جھوٹا ثابت ہوا ہے، جھوٹی گواہی پر کیس ختم ہونا چاہیے، سابق ملٹری سیکریٹری نے بھی تمام دستاویزات کو درست قرار دیا، لگتا ایسے ہے اگلی دو تین سماعتوں میں کیس ختم ہوجائے گا۔ ہم امید کرتے ہیں اس کیس میں بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی رہا ہوجائیں گے۔ بانی پی ٹی آئی نے اخبار پڑھے ہیں، انہوں نے کرکٹ پر بات کی، بانی نے کہا 2021 میں پاکستان نے انڈیا کو 10 وکٹوں سے ہرایا تھا۔
اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات
ان کا کہنا تھا کہ تین سال سے ہم نے اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ مذاکرات کی کوشش کی، مذاکرات کے بجائے انہوں نے ہماری پارٹی کو مزید دبایا ہے، مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔ بیرسٹر گوہر، بیرسٹر سیف اور علی امین گنڈا پور کو کہا ہے اسٹیبلشمنٹ سے کوئی بات نہ کرے، جس نے بات کرنی ہے وہ جیل آئے۔