ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان اسٹیڈیم رکھنا غیرقانونی ہے، پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

درخواست دائر کی گئی
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ارباب نیاز کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم رکھنے کے خلاف ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت جنگ بندی کو امن نہ سمجھا جائے، یہ انتہائی نازک اور کسی بھی وقت ٹوٹ سکتا ہے: شیری رحمان
درخواست گزاروں کا موقف
درخواست امجد علی ارباب، غلام احمد بلور، حاجی غلام علی، ارباب عالمگیر، کاشف اعظم اور ارباب خضرحیات نے علی گوہر درانی ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی ہے۔درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ ارباب کرکٹ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرکے عمران خان کرکٹ اسٹیڈیم شاہی باغ پشاور رکھا گیا ہے۔ صوبائی کابینہ نے 21 فروری 2025ء کو اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے کی منظوری دی۔ خیبرپختونخوا لوکل کونسل رولز 1994ء کے مطابق، کسی جگہ کا نام رکھنے یا تبدیل کرنے کے بعد 50 سال تک اس کو تبدیل نہیں کیا جا سکتا۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی کی آلودہ ساحلی پٹی: “ایک وقت تھا جب ہم یہاں بال دھوتے تھے، اب یہ مٹی پاؤں میں لگ جائے تو کئی دن تک دھونے سے بھی نہیں جاتی”
اسٹیڈیم کی تاریخ
درخواست گزاروں نے مزید کہا کہ ارباب نیاز اسٹیڈیم 1984ء میں تعمیر کیا گیا، پہلے اس کا نام شاہی باغ کرکٹ اسٹیڈیم تھا۔ سابق وفاقی وزیر اسپورٹس ارباب نیاز کی وفات کے بعد، میونسپل کارپوریشن نے 1987ء میں ایک قرارداد کے ذریعے اسٹیڈیم کا نام ارباب نیاز رکھ دیا۔ ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا کی گائیڈ لائن کے مطابق، عوامی اثاثوں کو کسی زندہ شخص کے نام سے منسوب نہیں کیا جا سکتا۔ صوبائی حکومت نے ایک سیاسی فیصلے کے تحت اسٹیڈیم کا نام تبدیل کیا۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ؛ کار کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار 3 افراد جاں بحق
علیمہ خان کا بیان
عمران خان کی بہن علیمہ خان نے بھی اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا کو بتایا کہ عمران خان اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنے پر ناراض ہیں اور انہوں نے حکم دیا کہ اسٹیڈیم کا پرانا نام بحال کیا جائے۔
عدالت سے درخواست
درخواست میں مزید لکھا گیا کہ اسٹیڈیم کا نام تبدیل کرنا غیر قانونی ہے، اور عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ صوبائی حکومت کے اقدام کو غیر قانونی قرار دیا جائے۔