وزیراعظم کی نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موقع پر کویت کے ولی عہد سے ملاقات
وزیراعظم کی کویت کے ولی عہد سے ملاقات
نیو یارک(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعظم محمد شہباز شریف جو اس وقت اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں شرکت کے لیے نیویارک کے دورے پر ہیں، کی آج کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد المبارک الصباح سے دوطرفہ ملاقات ہوئی۔
یہ بھی پڑھیں: نقلی پستول سے ڈکیتیوں کی نصف سینچری کرنے والے چچا بھتیجا گرفتار
دوستانہ تعلقات کا ذکر
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ، تاریخی برادرانہ تعلقات کا ذکر کیا۔ وزیرِ اعظم نے کویت کے امیر عزت مآب شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح کے لیے احترام اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ پاکستان اور کویت ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، وزیراعظم نے پاکستان میں حالیہ سیلاب کے بعد کویت کے اظہار یکجہتی پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں: تحریک انصاف کے کارکنوں کی لاشیں کون چھپا رہے تھے ، مطیع اللہ جان کیخلاف مقدمہ کس کے حکم پر بنا ۔۔؟ حامد میر نے تہلکہ خیز انکشافات کر دیئے
تعاون کی مضبوطی کی خواہش
دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کی مثبت پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان کی ان تعلقات بالخصوص تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، لائیوسٹاک، افرادی قوت کی برآمد اور صحت کے شعبوں میں تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان رواں برس کے آخر میں کویتی ولی عہد کی پاکستان کے سرکاری دورے پر میزبانی کا منتظر ہے، جس کی تاریخیں سفارتی ذرائع سے طے کی جا رہی ہیں۔
علاقائی اور بین الاقوامی امور پر تبادلہ خیال
دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ ولی عہد نے عالمی برادری کے سامنے فلسطینیوں پر ہونے والے مظالم کو موثر انداز میں بے نقاب کرنے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن کے لیے اہم کردار ادا کرنے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو سراہا۔ دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ اور کثیر جہتی فورمز پر قریبی تعاون کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔








