ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، 13 بھارتی سپانسرڈ دہشتگرد ہلاک
سیکیورٹی فورسز کا آپریشن
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے درابن میں آپریشن کے دوران 13 بھارتی سپانسرڈ دہشت گرد ہلاک کر دیئے۔
یہ بھی پڑھیں: امارات میں میڈیا کے لیے نیا نظام متعارف، خلاف ورزی پر 20 لاکھ درہم تک جرمانہ
آپریشن کی تفصیلات
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آپریشن بھارتی اسپانسرڈ فتنہ الخوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے خوارج کے ٹھکانے کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ ہلاک بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج سے اسلحہ، گولہ بارود بھی برآمد ہوا، جو متعدد دہشت گردانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ ہلاک خوارج دسمبر 2023ء میں درابن خودکش دھماکے کی سہولت کاری میں بھی شامل تھے۔
ہلاک خوارج کی سرگرمیاں
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ خوارج سرکاری افسران، معصوم شہریوں کے اغواء اور ٹارگٹ کلنگ میں شامل رہے۔ علاقے میں مزید خوارج کی موجودگی کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ پاک فوج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہے۔








