لیسکو نے بڑی سہولت متعارف کرا دی
لیسکو کی نئی ڈیجیٹل سہولت
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) لیسکو نے اپنے صارفین کی سہولت کے پیشِ نظر جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیتے ہوئے کیو آر (QR) کوڈ کے ذریعے آن لائن بل ادائیگی کی نئی ڈیجیٹل سہولت متعارف کرادی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں خواتین کے ساتھ زیادتی اور تشدد کے واقعات پر فیکٹ شیٹ جاری، جنوری تا جون 6ماہ کے دوران 15 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے
آن لائن بل ادائیگی کا طریقہ
لیسکو کے صارفین اب کسی بھی موبائل بینکنگ ایپ کے ذریعے اپنے بجلی کے بل پر موجود کیو آر کوڈ اسکین کر کے فوری ادائیگی کر سکتے ہیں۔ اس سہولت کے تحت صارفین کو بینک برانچز یا بل جمع کرانے کے مراکز جانے کی ضرورت نہیں رہے گی، جس سے وقت اور محنت کی بچت ممکن ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ایسوسی ایشن کی نیاز مسلم لائبریری میں زیک انٹرنیشنل انسٹی ٹیوٹ کے طلباء نے علمی و ادبی محفل سجائی
خدمات کی بہتری کا عزم
کمپنی کے مطابق ہر لیسکو بل پر کیو آر کوڈ کے ذریعے ادائیگی کی سہولت دستیاب ہوگی، تاکہ صارفین گھر بیٹھے تیز، آسان اور محفوظ طریقے سے اپنے بل جمع کرا سکیں۔ یہ اقدام لیسکو کی جانب سے ڈیجیٹل سروسز کو فروغ دینے اور صارفین کو جدید سہولیات فراہم کرنے کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔
چیف ایگزیکٹو کا بیان
چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے اس موقع پر کہا کہ لیسکو اپنے صارفین کو سہولت، شفافیت اور جدیدیت پر مبنی خدمات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ کیو آر کوڈ کے ذریعے بل ادائیگی کا نظام نہ صرف صارفین کے لیے آسانی پیدا کرے گا بلکہ کمپنی کے ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن کے سفر میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ لیسکو مستقبل میں بھی ایسے جدید اقدامات جاری رکھے گی تاکہ صارفین کو بہترین سروسز فراہم کی جا سکے۔








