جنرل (ر) فیض حمید نے کالعدم ٹی ٹی پی کے سربراہ نور ولی محسود کو بلٹ پروف گاڑی تحفے میں دی، خواجہ آصف

خواجہ آصف کا انکشاف
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف نے انکشاف کیا ہے کہ جنرل (ر) فیض حمید نے کالعدم ٹی ٹی پی کے سربراہ نور ولی محسود کو بلٹ پروف گاڑی تحفے میں دی۔
یہ بھی پڑھیں: ون وے کی خلاف ورزی کرنے والی موٹر سائیکل کی ٹکر سے صحافی حسن صدیقی جاں بحق، ملزمان موقع سے فرار
جنرل فیض کا منصوبہ
نجی ٹی وی ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنرل فیض دہشت گردوں کی پاکستان واپسی کے منصوبے کے خالق تھے۔ اس منصوبے میں جنرل باجوہ اور عمران خان بھی شامل تھے۔ منصوبے کی تکمیل کے لیے جنرل فیض کو کور کمانڈر پشاور لگایا گیا۔ پی ڈی ایم حکومت کے دوران جنرل باجوہ آرمی چیف تھے جبکہ جنرل فیض کور کمانڈر پشاور برقرار رہے۔ جنرل فیض نے دہشت گردوں کو پاکستان واپس ٹرانسپورٹ کیا اور ان میں سے ایک کو بلٹ پروف گاڑی تحفے میں دی۔ یہ سب دہشت گرد پی ٹی آئی دور میں واپس آئے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان کا پہلا ہائپر اسپیکٹرل سیٹلائٹ (HS-1) 19 اکتوبر 2025 کو لانچ کیا جائے گا: سپارکو
افغان حکومت کا کردار
انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کو تھوڑی خود داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اپنے لوگوں کو واپس لے جانا چاہیے۔ 40 لاکھ افغانی پاکستان میں کیا کر رہے ہیں؟ اگر انہیں اپنے ملک نہیں لے جانا تو بھارت بھیج دینا چاہیے کیونکہ کرایہ بھی کم لگے گا۔ یہ محسن کش لوگ ہیں، جتنے افغانستان میں بڑے بڑے نام اور حکمران ہیں یا تھے وہ پاکستان میں پناہ گزین رہے۔ ان حکمرانوں کی فیملیز بھی اس وقت پاکستان میں ہیں۔ پاکستان کیوں ان کا بوجھ اٹھا رہا ہے؟
خواجہ آصف کی تشکیل نو
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ وہ تسلیم کرتے ہیں کہ انہوں نے امریکی انخلا کے بعد افغانستان کے بارے میں کہا تھا کہ "طاقتیں تمہاری ہیں اور خدا ہمارا ہے۔" یہ اس وقت میرے جذبات تھے، مگر جو تین سالوں میں انہوں نے ہمارے ساتھ کیا ہے، اب ہمیں اپنے جذبات کو درست کرنا ہے۔