انتشار کی سیاست چھوڑ کر ملکی مفاد میں کام کرنا چاہیے: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان

گورنر پنجاب کا بیان
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی مؤثر پالیسیوں سے دنیا بھر میں پاکستان کے وقار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ امریکی صدر ہمارے فیلڈ مارشل سے ملاقات کو سعادت سمجھتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی اے کا غیر رجسٹرڈ وی پی این کو مزید 2 ہفتے کی مہلت دینے کا فیصلہ
خطاب میں اہم نکات
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مری جوڈیشل کمپلیکس جھیکا گلی میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب نے صدر مری ڈسٹرکٹ بار نزیر عباسی کی دعوت پر بار ایسوسی ایشن کے پروگرام میں شرکت کی۔
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کی مؤثر پالیسیوں سے دنیا بھر میں پاکستان کے وقار میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ امریکی صدر ہمارے فیلڈ مارشل سے ملاقات کو سعادت سمجھتا ہے۔ دنیا کے ممالک امریکی صدر سے ملاقات کے لیے لابنگ کرتے ہیں جبکہ پاکستان اب وہ ملک ہے جس سے ملنے کی خواہش امریکی قیادت رکھتی ہے۔ ہمارا ملک ترقی کی راہوں پر گامزن ہے، اس سفر کو جاری رکھنے کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ ڈسٹرکٹ بار کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کوشش کروں گا۔
میڈیا سے گفتگو
گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک ترقی کی منازل طے کر رہا ہے، انتشار کی سیاست چھوڑ کر ملکی مفاد میں کام کرنا چاہیے۔ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ جمہوریت کے استحکام کے لیے جدوجہد کی۔ موجودہ حکومت میں پاکستان کے گرین پاسپورٹ کی اہمیت عالمی سطح پر بڑھ گئی ہے۔ پہلے پاکستانیوں کو بیرونِ ملک مشکلات کا سامنا تھا، آج دنیا ہمارے شہریوں کو عزت و احترام سے دیکھتی ہے۔