پیپلز پارٹی کی جمہوریت اور آئین کی بحالی کیلئے دی گئی قربانیوں کی وجہ سے آج آئین بحال ہے: تسنیم احمد قریشی

تسنیم احمد قریشی کا خطاب
جدہ (محمد اکرم اسد) سابق وفاقی وزیر مملکت امور داخلہ تسنیم احمد قریشی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے جمہوریت اور آئین کی بحالی کے لئے بیشمار قربانیاں دی ہیں جسکی وجہ سے آج آئین بھی بحال ہے اور جمہوریت بھی پنپ رہی ہے۔ پارٹی کے بانی چیئرمین قائد عوام ذوالفقار علی بھٹو اور چئیر پرسن محترمہ بینظیر بھٹو بھی پاکستان پر قربان ہو گئے اور آج بھی وہ عوام کے دلوں پر راج کر رہے ہیں۔ وہ یہاں سانحہ کارساز کی مناسبت سے پاکستان پیپلزپارٹی سعودی عرب کی طرف سے کبابش ریسٹورنٹ جدہ میں ایک دعائیہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے، جس کی صدارت صدر پیپلزپارٹی سعودی عرب تصور چوہدری نے کی۔
یہ بھی پڑھیں: اوکاڑہ کی اکیڈمی میں مالک نے لڑکی کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا، افسوسناک انکشاف
سانحہ کارساز کی یادیں
انہوں نے سانحہ کارساز کا آنکھوں دیکھا حال بیان کیا اور پارٹی کے نظریاتی کارکنوں کی لازوال قربانیوں اور وفا کا تذکرہ کرتے ہوئے ان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کو پنجاب میں مقبول بنانے کے لئے کارکنوں کو متحرک کیا جا رہا ہے۔ وہ یہاں عمرہ کی ادائیگی اور روضہ رسول صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی حاضری کے لئے آئے ہوئے ہیں اور ورکرز سے ملاقات کے لئے خصوصی وقت نکالا۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے جعفر رانا نے کیا جبکہ ہدیہ نعت ناظم تقریب آفتاب ترابی نے پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: نارنگ منڈی میں بھارتی ڈرون مار گرایا گیا
تقریب میں شرکت
پاکستان مسلم لیگ ن کے چیئرمین چوہدری محمد اکرم اور چیرمین انوسٹر فورم سابقہ مشیر وزیر اعلی چوہدری اظہر وڑائچ، نے خصوصی شرکت فرمائی جبکہ پاکستانی کمیونٹی کے سرکردہ افراد نے بھرپور شرکت کی۔ پاکستان پیپلزپارٹی سعودی کے سینیئر نائب صدر جناب ملک جاوید حسین اعوان نے سانحہ پر لب کشائی کرتے ہوئے شہداء کو سرخ سلام پیش کیا اور کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی یہ قربانی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ ان کے بعد پاکستان پیپلزپارٹی جدہ سٹی کے صدر راجہ اعجاز حسین جنجوعہ نے اپنے خطاب میں سانحہ کارساز کے شہداء کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسحاق ڈار کی امریکی وزیر خارجہ سے ملاقات، 40 منٹ تک جاری رہنے والی ملاقات میں اہم امور پر گفتگو
شہدائے کارساز کو خراج تحسین
چوہدری محمد اکرم، چیئرمین مسلم لیگ ن نے اپنے خطاب میں شہدائے کارساز کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ چشم فلک نے یہ منظر بھی دیکھا کہ کارکن اپنے بریدہ بدن کو بھول کر اپنی لیڈر بے نظیر بھٹو کی خیریت پوچھ رہے تھے، اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے اپنی لیڈر کیلئے فکر مند تھے۔ ایسے ہی وفادار اور نظریاتی کارکن کسی بھی پارٹی کا سرمایہ ہوتے ہیں۔
میزبان کا شکریہ
صدر تصور چوہدری نے اپنے خطاب میں شہدائے کارساز کو خراج عقیدت پیش کیا اور کارکنوں کی قربانی کا ذکر کیا۔ آخر تقریب کے میزبان کبابش آرٹس کونسل جدہ کے چیئرمین ملک علی خورشید سلطان نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا جبکہ دعائے فاتحہ کبابش آرٹس کونسل کے سیکرٹری جنرل سید عمران شاہ نے کروائی۔ آخر پر پرتکلف عشائیہ سے مہمانوں کی تواضع کی گئی، ریاض شاہین آفریدی، اسد اکرم، خالد نواز چیمہ، طارق چوہدری، عمر نذیر جٹ، راجہ رفیق، ارسلان اعوان، ملک تکاثر اور دیگر پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کی نظامت پاکستان پیپلزپارٹی کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل آفتاب نے کی اور شہدائے کو خراج عقیدت پیش کیا۔