لاہور میں اقوام متحدہ کے تعاون سے جاب فیئر، ملازمتوں کے بے شمار مواقع

جاب فیئر کا انعقاد
لاہور(ویب ڈیسک) یوتھ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن اور اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام یو این ڈی پی کے تعاون سے لاہور میں جاب فیئر کا انعقاد کیا گیا۔ یونیورسٹی آف ایجوکیشن، ٹاؤن شپ میں ہونے والا یہ ایونٹ سرگودھا اور ملتان میں امن اور اقلیتی حقوق کے فروغ کے پراجیکٹ کے تحت منعقد ہوا، جس کا مقصد نوجوانوں، خواتین اور پسے ہوئے طبقوں بالخصوص مذہبی اقلیتوں کے لیے معاشی مواقع میں اضافہ کرنا اور انہیں صنعتی اداروں سے منسلک کرنا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا کے ایک اور کھلاڑی پی ایس ایل سیزن ٹین جوائن کرنے کو تیار
شرکت اور مہمانان
اس موقع پر مختلف تعلیمی اداروں کے دو ہزار سے زائد طلبا و طالبات کے علاوہ متعدد کارپوریٹ نمائندگان اور صنعتی شراکت داروں نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر عاکف دھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ نوجوانوں کو مواقع سے جوڑنا دراصل ملک کی تعمیر ہے۔ ایسے اقدامات باہمی اعتماد اور ملکی استحکام کو یقینی بناتے ہیں۔ سیکرٹری برائے انسانی حقوق و اقلیتی امور فرید تارڑ نے بطور مہمانِ اعزاز خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشی شرکت ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔ ایسے اقدامات ان افراد کے لیے راستے کھولتے ہیں جو اکثر نظر انداز کر دیے جاتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پوری دنیا میں آئس کریم مہنگی کیوں ہو رہی ہے؟
پیغام اور تاثرات
پارلیمانی سیکرٹری سونیا عاشر نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس نوعیت کے مواقع صرف افراد ہی نہیں بلکہ ان کے خاندانوں اور پوری کمیونٹی پر مثبت اثرات ڈالتے ہیں۔ ممبر صوبائی اسمبلی جناب اعجاز عالم آگسٹین کا کہنا تھا کہ مساوی مواقع سب کا حق ہیں جہاں طلباء پر فرض ہے کہ وہ خود کو تعلیم و ہنر سے مزین کریں، وہیں اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ ایسے مواقع پیدا کریں جو ان طلباء کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کریں۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر یوتھ ڈیولپمنٹ فاؤنڈیشن شاہد رحمت نے تنظیم کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ جاب فیئر روزگار تک نوجوانوں کی رسائی، مساوات اور اشتراکِ عمل کا مظہر ہے۔ جب تعلیمی ادارے اور نجی شعبہ مل کر کام کرتے ہیں تو اس سے حقیقی شراکت داری ممکن ہوتی ہے۔
پروگرام کی اہمیت
شرکا میں ڈائریکٹر انسانی حقوق و اقلیتی امور محمد یوسف بھی شامل تھے۔ مقررین نے تعلیمی اداروں، ترقیاتی تنظیموں اور نجی شعبے کے باہمی تعاون کو روزگار کے فروغ اور اقلیتی برادریوں کی معاشی خودمختاری کے لیے ناگزیر قرار دیا۔ یہ پروگرام یو این ڈی پی کے اس عزم کے تحت ہوا جس کا مقصد پاکستان میں امن، مساوات اور پائیدار معاشی ترقی کو فروغ دینا ہے۔