وزیراعظم کا جنوبی افریقہ اور قومی ٹیم کے اعزاز میں پُرتکلف عشائیہ
وزیراعظم کا عشائیہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم شہباز شریف نے جنوبی افریقہ اورپاکستان کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں عشائیے کا اہتمام کیا۔ گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا کی کرکٹ ٹیم کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، جنوبی افریقہ کیساتھ مختلف سطح پر شاندار تعلقات ہیں،کرکٹ بھی ان میں سے ایک ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بجٹ تقریر، حکومت نے بھارت کی آبی جارحیت سے نمٹنے کیلئے اقدامات کا اعلان کردیا
باہمی ملاقاتیں
وزیراعظم نے پاکستان اور جنوبی افریقہ کے تمام کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ پاک جنوبی افریقہ سیریز کھیلوں کے گہرے تعلقات اور باہمی احترام کی علامت ہے۔ جنوبی افریقہ نے کرکٹ کے عظیم کھلاڑی پیدا کئے ہیں، پاکستان کے کرکٹرز نے بھی اپنے عمدہ کھیل سے ملک و قوم کا نام دنیا بھر میں روشن کیا۔ امید ہے پاکستان کرکٹ ٹیم ماضی کی طرح شاندار کھیل پیش کرے گی۔
کرکٹ کی روح
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی کی صلاحیتوں پر بھرپور اعتماد ہے۔ کرکٹ محض ایک کھیل نہیں بلکہ مختلف ممالک کے عوام کو آپس میں جوڑنے کا سبب بھی ہے۔ کرکٹ کا کھیل بھائی چارے اور امن کو فروغ دیتا ہے، اس کھیل کی اصل روح کو برقرار رکھنے کی ضرورت ہے۔








