اگر صوبائی خودمختاری رول بیک ہوئی تو تاریخ پارلیمنٹ کو معاف نہیں کرے گی: رضا ربانی
صوبائی خودمختاری کا تحفظ
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق چیئرمین سینیٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ صوبائی خودمختاری کا رول بیک ہوا تو تاریخ پارلیمنٹ کو معاف نہیں کرے گی۔ کمزور داخلی سیاسی نظام میں صوبائی خودمختاری کا واپس لینا آگ سے کھیلنے کے مترادف ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کسی اطلاع پر کان نہ دھریں، جہاں جہاں ہیں 24 نومبر کو احتجاج کیلیے باہر نکلیں: علیمہ خان
وفاقی وزراء کے بیانات
’’جنگ‘‘ کے مطابق ایک بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ وزیر فوڈ سیکیورٹی اور دیگر وفاقی وزراء 18ویں ترمیم کے رول بیک کی بات کر رہے ہیں۔ وفاقی وزراء این ایف سی ایوارڈ کے رول بیک اور نظرثانی کی بھی بات کر رہے ہیں۔ یہ عمل وفاق سے غداری اور صوبائی خودمختاری و مالی تقسیم پر حملے کے مترادف ہے، پاکستان کے صوبے اور عوام کسی بھی اقدام کی مزاحمت کریں گے۔
صوبوں کی خودمختاری کا مطالبہ
رضا ربانی کا مزید کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کے تحت تمام وزارتیں مکمل طور پر صوبوں کو دی جائیں، وزارت خوراک سمیت تمام وزارتیں مکمل طور پر صوبوں کے سپرد کی جائیں۔ عدلیہ کی آزادی پرقدغن اور صوبائی خودمختاری کا رول بیک ہوا تو تاریخ پارلیمنٹ کو معاف نہیں کرے گی۔







