کراچی میں ڈاکٹرز نے کامیاب آپریشن کرکے نوجوان کے سینے میں پیوست لکڑی کا ڈنڈا نکال کر جان بچالی
کراچی میں نوجوان کی جان بچانے کا آپریشن
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) شہر قائد کے جناح اسپتال میں کامیاب آپریشن کے ذریعے نوجوان کے سینے میں پیوست لکڑی کا ڈنڈا نکال کر جان بچائی گئی۔
حادثے کی تفصیلات
ایکسپریس نیوز کے مطابق نوجوان تقریباً 7 فٹ اونچائی سے لکڑی کے ڈنڈے پر گر گیا تھا جس سے لکڑی کا ٹکڑا نوجوان کی بغل کے نیچے سے سینے کو چیرتا ہوا دل اور بڑی شریان کے قریب رک گیا تھا۔ 21 سالہ نوجوان کو شدید زخمی حالت میں جناح اسپتال کے ایمرجنسی وارڈ میں لایا گیا، جہاں اس کی دل کی دھڑکن خطرناک حد تک سست تھی۔ ڈاکٹروں نے فوری طور پر ایڈوانسڈ ٹراما لائف سپورٹ کے اصولوں کے تحت علاج شروع کیا۔
سرجری کی کارروائی
تھوراسک سرجنز ڈاکٹر محمد شعیب اور ڈاکٹر نادر علی نے کہا کہ زخم کی نوعیت دیکھتے ہوئے خدشہ تھا کہ شاید دل یا بڑی شریانوں کو نقصان پہنچا ہے کیونکہ ایسی چوٹ اکثر جان لیوا ثابت ہوتی ہے۔ معائنے سے پتا چلا کہ لکڑی کا ڈنڈا بائیں جانب سینے کی تیسری پسلی کے درمیان سے داخل ہوا تھا اور اس کا سرا سینے کی بیچ کی ہڈی کے قریب نظر آ رہا تھا۔ یہ انتہائی خطرناک کیس تھا کیونکہ لکڑی کا ڈنڈا دل اور ایورٹا سے چند سینٹی میٹر کے فاصلے پر تھا۔ بروقت سرجری، ٹیم ورک اور فوری علاج نے مریض کی جان بچائی۔
بہتری کی صورت حال
مریض اب مکمل ہوش میں ہے اور تیزی سے صحتیابی کی طرف بڑھ رہا ہے۔ اس آپریشن میں تھوراسک سرجنز ڈاکٹر محمد شعیب، ڈاکٹر نادر علی اور ڈاکٹر عائنا نے پروفیسر تنویر احمد کی نگرانی میں سرجری کی تھی۔








