راولپنڈی میں ہمت کارڈ پروگرام برائے افراد باہم معذوری فیز 3 کی تقریب، مریم نواز محکوم طبقے کی آواز ہیں: سہیل شوکت بٹ
معذور افراد کے لئے معاون آلات کی تقسیم
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) محکمہ سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال راولپنڈی کے زیر اہتمام کیپری ہال راولپنڈی میں معذور افراد کی بحالی اور سہارا فراہم کرنے کے لیے معاون آلات کی تقسیم اور ہمت کارڈ کے تیسرے مرحلے کی تقسیم کرنے کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ نے تقریب میں بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے خصوصی شرکت کی۔ مجموعی طور پر 65 معذور افراد میں معاون آلات تقسیم کیے گئے اور 45 معذور افراد میں ہمت کارڈ تقسیم کیے گئے۔ تقریب میں باہم معذور افراد میں ٹرائی موٹر سائیکل، الیکٹرک وہیل چیئر، مینول وہیل چیئر، ٹرائی سائیکل سمیت دیگر ڈیوائسز تقسیم کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں پولیس اہلکار کے نجی سیل پر چھاپہ، چار نوجوان بازیاب
صوبائی وزیر کا خطاب
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر برائے سوشل ویلفیئر و بیت المال پنجاب سہیل شوکت بٹ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز عوام کی حقیقی خدمت کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہیں۔ آج ہمت کارڈ کی تقسیم فیز 3 کا راولپنڈی ڈویژن میں آغاز کر دیا گیا ہے۔ پنجاب بھر میں ہمت کارڈ خصوصی افراد میں تقسیم کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب نے اگلے برس ہمت کارڈ کو 2 لاکھ باہم معذور افراد میں تقسیم کرنے کا ہدف دیا ہے۔ گزشتہ برس 65 ہزار اور رواں سال 1 لاکھ باہم معذور افراد میں ہمت کارڈ اور اسسٹنٹ ڈیوائسز تقسیم کی گئی ہیں۔ ہمت کارڈ کے ذریعے افراد باہم کو سہ ماہی بنیاد پر 10 ہزار 500 روپے کی رقم ادا کی جا رہی ہے۔ باہم متعلقہ سہولیات بھی فراہم کی جا رہی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: حکومتی کوششیں رائیگاں، سنی اتحاد کونسل کا پارلیمانی کمیٹی میں شرکت سے پھر انکار
رکن قومی اسمبلی کی رائے
رکن قومی اسمبلی طاہرہ اورنگزیب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز محکوم طبقے کی آواز ہیں۔ محکوم طبقے کی مدد کر کے ہم مثالی معاشرے کو پروان چڑھا سکتے ہیں۔
متعلقہ شرکاء
تقریب میں وفاقی پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری، ایم این اے زہرہ فاطمہ، ایم این اے ہما چغتائی، پارلیمانی سیکریٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان، ایم پی اے طاہرہ مشتاق، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی حسن وقار چیمہ، ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر راولپنڈی محمد شاہد رانا سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر راولپنڈی رخسانہ مظہر اعوان نے بطور فوکل پرسن تقریب کو منعقد کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر جہلم خضر حیات خان، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر چکوال وسیم عباس خان اور ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر اٹک حسیب احمد بھی موجود تھے۔








