پاکستان، سری لنکا، زمبابوے کرکٹ سیریز، سیکیورٹی کیلئے آرمی اور رینجرز کے دستے طلب
سیکیورٹی انتظامات مکمل
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) حکومت پنجاب نے پاکستان، سری لنکا اور زمبابوے کرکٹ سیریز کیلئے سیکیورٹی و دیگر انتظامات مکمل کر لیے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے سیکیورٹی میں پولیس کی معاونت کیلئے فوج، رینجرز اور ایوی ایشن اثاثے طلب کر لیے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: سیلاب کے خطرے، سندھ حکومت نے اقدامات شروع کردیے
فوج اور رینجرز کی تعیناتی
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق لاہور اور راولپنڈی میں میچز کی سیکیورٹی کیلئے آرمی اور رینجرز کے دستے طلب کیے گئے ہیں۔ لاہور میں آرمی اور رینجرز کی 1،1 کمپنی جبکہ راولپنڈی میں 3،3 کمپنیوں کی خدمات طلب کی گئی ہیں۔ اسی طرح لاہور میں آرمی ایوی ایشن کے ہیلی کاپٹرز کی خدمات بھی طلب کی گئی ہیں۔ فوج اور رینجرز کی تعیناتی آئین کے آرٹیکل 245 اور پاکستان رینجرز آرڈیننس 1959 کے تحت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: جی ایچ کیو حملہ کیس: عمران خان کی بذریعہ ویڈیو لنک پیشی کیلئے ایس او پیز جاری
کرکٹ سیریز کی تاریخیں
سہ ملکی کرکٹ سیریز کے میچز 11 نومبر سے 27 نومبر تک لاہور اور راولپنڈی میں شیڈول ہیں جبکہ ٹیموں کی نقل و حرکت کو مدنظر رکھتے ہوئے سیکیورٹی کیلئے دستوں کی خدمات 8 نومبر سے 30 نومبر تک طلب کی گئی ہیں۔
فول پروف سیکیورٹی انتظامات
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب نے بتایا کہ لاہور اور راولپنڈی میں میچز، ٹیموں کے قیام اور سفر کے دوران فول پروف سیکیورٹی انتظامات ہوں گے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے آرمی اور رینجرز کی تعیناتی کیلئے وفاقی وزارت داخلہ کو مراسلہ بھجوا دیا ہے جبکہ تمام متعلقہ اداروں کو ٹیموں کی سیکیورٹی اور دیگر انتظامات بروقت مکمل کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔








