27ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے حکومت اور پیپلزپارٹی کے درمیان کوئی ڈیڈلاک والی صورتحال نہیں ہے، سلمان غنی
پیپلزپارٹی کا آرٹیکل 243 کی حمایت کا اعلان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینئر صحافی و تجزیہ کار سلمان غنی کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے آرٹیکل 243 کی حمایت کا اعلان کیا ہے جبکہ کچھ چیزوں کو مسترد کیا ہے۔ 27ویں آئینی ترمیم کو لے کر حکومت اور پیپلزپارٹی کے درمیان کوئی ڈیڈلاک والی کیفیت نہیں ہے۔
یہ بھی پڑھیں: قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ڈیلی الاؤنس کی مد میں 90 لاکھ روپے واجب الادا ہیں
تھنک ٹینک پروگرام میں گفتگو
دنیا ٹی وی کے پروگرام تھنک ٹینک میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2 چیزیں آرٹیکل 243 اور آئینی عدالت کا قیام حکومت اور اتحادیوں کی ترجیح ہیں۔ آئینی عدالت کے قیام سے متعلق بلاول بھٹو نے خود کہا کہ اس میں چاروں صوبوں کی نمائندگی ہونی چاہئے۔
پیپلزپارٹی کی 18ویں ترمیم پر پالیسی
سلمان غنی نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی 18ویں ترمیم کو لے کر سیاسی کیس بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ اس وقت صوبے خوشحال ہیں اور وفاق صوبوں سے بھیک مانگتا نظر آرہا ہے۔ وفاق 27ویں ترمیم میں صوبوں کے اختیارات اور وسائل پر کٹ نہیں لگانا چاہتا۔ بلکہ وفاق چاہتا ہے کہ اگر 18ویں ترمیم کے تحت صوبوں نے اختیارات لئے ہیں تو کچھ ذمہ داریاں بھی صوبے خود اٹھائیں۔








