سی سی ڈی نے پنجاب کے مختلف شہروں سے 8 خطرناک گینگز کا صفایا کر دیا، ٹیموں کے لیے نقد انعامات کی سفارش
کرائم کنٹرول کی کامیاب کارروائیاں
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) کرائم کنٹرول ڈیپارٹمنٹ نے پنجاب کے مختلف شہروں میں کارروائیوں کے دوران 8 خطرناک گینگز کا صفایا کر دیا ہے۔ سٹی 42 کے مطابق حکام کی جانب سے ان کامیاب کارروائیوں پر 8 شہروں کی سی سی ڈی ٹیموں کے لیے 4 کروڑ 75 لاکھ روپے کے نقد انعامات کی سفارش کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اووشن گیٹ کی ٹائٹن آبدوز کی تباہی کی نئی ویڈیو جاری، آخری لمحوں کی آواز بھی ریکارڈ
انعامات کی تفصیلات
ذرائع کے مطابق لاہور گینگ ریپ کے ملزمان کی مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاکت پر 50 لاکھ روپے انعام کی سفارش کی گئی ہے۔ فیصل آباد کے شاہ گینگ کے خاتمے پر 1 کروڑ 50 لاکھ روپے نقد انعام دینے کی تجویز دی گئی ہے۔
دیگر گینگز کے خلاف کارروائیاں
اسی طرح ملتان میں وسیم کلہاڑا گینگ کے خاتمے پر 80 لاکھ روپے اور ساہیوال کے لوری گینگ کے خلاف کارروائی پر 50 لاکھ روپے انعام دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ حافظ آباد گینگ ریپ کے ملزمان کی ہلاکت پر بھی 50 لاکھ روپے، راولپنڈی جھاکا گینگ کے خلاف کارروائی پر 45 لاکھ روپے، سیالکوٹ کے گینگسٹر بلال عرف بھالو کے خلاف کارروائی پر 25 لاکھ روپے اور گوجرانوالہ کے بادام گل گینگ کے خاتمے پر 25 لاکھ روپے نقد انعام دینے کی سفارش کی گئی ہے۔








