صارفین کی منظوری کے بغیر کسی سے بھی ان کا ڈیٹا شیئر نہیں کیا جائے گا: گورنر سٹیٹ بینک
گورنر سٹیٹ بینک کی اہم اعلان
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ کے لیے ایک سینٹرل ڈیٹا بیس تشکیل دیا جا رہا ہے۔ اور صارفین کی منظوری کے بغیر کسی سے بھی ان کا ڈیٹا شیئر نہیں کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں سیلاب سے اموات کی تعداد 118 ہوگئی، 47لاکھ سے زائد افراد متاثر
ترسیلات زر میں اضافہ
’’آئی این پی‘‘ کے مطابق گورنر سٹیٹ بینک جمیل احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترسیلات زر میں اضافہ کے لیے ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ ترسیلات زر بڑی حد تک بینکنگ چینلز کے ذریعے آ رہی ہیں، تاہم ایک خاص حصہ غیر رسمی ذرائع سے بھی آ رہا ہے۔ جسے قانونی چینلز میں لانے کی کوششیں جاری ہیں۔ ہم نے کوشش کی کہ اس کو اس طرح بنایا جائے کہ جس سے جو انفارمل چینل سے ترسیلات آ رہی ہیں، اس کو فارمل چینل میں لایا جائے اور آپ نے دیکھا کہ اس کے اثرات بھی بڑے اچھے ہیں۔ پچھلے سال 27 فیصد ترسیلات میں اضافہ ہوا۔ اور اسی کے نتیجے میں ترسیلات 38 ملین پر گئیں۔
ڈیٹا کے تحفظ کے اقدامات
انہوں نے کہا کہ بینکوں کے پاس موجود صارفین کے ڈیٹا کے تحفظ کے لیے پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کے تعاون سے کے وائی سی پراجیکٹ پر کام کیا جا رہا ہے۔ بعض بینک اپنا ڈیٹا فراہم کر چکے ہیں جس کی بنیاد پر ایک سینٹرل ڈیٹا بیس قائم کیا جائے گا۔ تاہم صارفین کی منظوری کے بغیر کسی سے بھی یہ ڈیٹا شیئر نہیں کیا جائے گا۔ ہم ترسیلات زر میں اضافے کے لیے ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کا استعمال کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو موجودہ دور میں انتہائی ضروری ہے۔








