سینٹرل جیل لاہور میں 2000 قیدیوں کی گنجائش کیلئے 5 نئی ڈبل سٹوری بیرکس تیار
نئی ڈبل سٹوری بیرکس کا افتتاح
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینٹرل جیل لاہور میں چیرمین ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان اور سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے قیدیوں کیلئے نئی ڈبل سٹوری بیرکس کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات میاں فاروق نذیر، ایڈیشنل سیکرٹری پریزن رومان بورانہ، ڈی آئی جی ریجن محسن رفیق، جیل سپرنٹنڈنٹ اعجاز اصغر اور متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔
یہ بھی پڑھیں: عارف والا میں زمین کے تنازع پر پوتے نے دادا کو قتل کردیا
نئی بیرکس کی گنجائش
ترجمان محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قیدیوں کی 5 نئی ڈبل سٹوری بیرکس تیار کی گئی ہیں جن میں 2 ہزار قیدیوں کو رکھنے کی گنجائش موجود ہے۔ چیئرمین ٹاسک فورس، سیکرٹری داخلہ پنجاب، آئی جی پریزن اور ایڈیشنل سیکرٹری پریزن نے افتتاح کے موقع پر بیرکس کے احاطے میں پودے لگائے۔ چیرمین ٹاسک فورس اور سیکرٹری داخلہ نے نئی بیرکس میں موجود اسیران سے گفتگو کی اور انکے مسائل معلوم کیے۔ اس موقع پر ہدایت کی گئی کہ ایسے تمام اسیران کو مفت لیگل ایڈ فراہم کی جائے جو خود وکیل کی فیس ادا نہیں کر سکتے۔
یہ بھی پڑھیں: جو اندیشے تھے دور ہوگئے ، پاکستان میں مہنگائی کم ہونا شروع ہو گئی
موسم کی موافقت اور دیگر سہولیات
سیکرٹری داخلہ پنجاب نے ہدایت کی کہ اسیران کو تمام بیرکس میں موسم کی مناسبت سے گرم کمبل فراہم کیے جائیں اور جیل سائیکالوجسٹ ذہنی امراض کے شکار اسیران سے متواتر رابطہ رکھیں اور کاؤنسلنگ کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نئی بیرکس کے قریب پی سی او بوتھ قائم کیے جائیں اور میڈیکل سہولیات فراہم کی جائیں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخواہ میں 12 سالہ بچے کا زیادتی کے بعد قتل، قریبی رشتہ دار گرفتار
جیل ریفارمز کا عمل
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چیرمین ٹاسک فورس برائے جیل خانہ جات رانا منان خان کا کہنا تھا کہ حکومت پنجاب کے جیل ریفارمز ایجنڈا پر تیزی سے عملدرآمد ہو رہا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق جیلوں کو اصلاحی مراکز میں تبدیل کر رہے ہیں۔ چیئرمین ٹاسک فورس نے کہا کہ پنجاب کی جیلوں میں اعلیٰ معیار کے کارپٹ، ٹف ٹائل، فرنیچر، صابن، فینائل، ایل ای ڈی بلب، جوتے، دستانے، فٹ بال، کپڑے اور ٹرنک تیار ہو رہے ہیں۔ جیلوں میں تیار کردہ ان تمام مصنوعات کی بہتر مارکیٹنگ سے اسیران کی امداد ممکن ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان ٹی 20 سیریز کا شیڈول فائنل
ملاقات ایپ کی رونمائی
سیکرٹری داخلہ پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے کہا کہ محکمہ داخلہ قیدیوں کی بحالی، ہنر مندی اور انکی سماجی و معاشی ترقی کیلئے ٹھوس اقدامات کر رہا ہے۔ محکمہ داخلہ نے جیل میں اسیران سے ملاقات کیلئے "ملاقات ایپ" کا اجراء کیا۔ جیل ملاقاتوں کی ایڈوانس بکنگ ایپ کی بدولت شہری گھر بیٹھے ملاقات کیلئے بکنگ کروا رہے ہیں اور اب تک 850 سے زائد شہریوں نے ملاقات ایپ کے ذریعے پنجاب کی جیلوں میں اپنے عزیزوں سے باآسانی ملاقات کی۔
آن لائن سہولیات کا فائدہ
سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ "ملاقات ایپ" کے ذریعے ایڈوانس آن لائن بکنگ کی سہولت پنجاب کی تمام جیلوں میں دستیاب ہے جس سے مستفید ہونے کیلئے شہری گوگل پلے سٹور سے "آن لائن ملاقات" ایپ ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ جیل ریفارمز منصوبے کے تحت ہی پنجاب بھر کی جیلوں کو محفوظ بنانے کیلئے دنیا کے جدید ترین آلات نصب کر رہے ہیں۔








