یوکرین نے فرانس سے 100 رافیل جنگی طیارے حاصل کرنے کا معاہدہ کر لیا، زیلنسکی
یوکرین کا جنگی طیاروں کا معاہدہ
کیف (ڈیلی پاکستان آن لائن) یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے پیر کے روز اعلان کیا ہے کہ یوکرین نے اپنی فضائی قوت کو مضبوط بنانے کے لیے فرانس سے 100 رافیل جنگی طیارے حاصل کرنے کا معاہدہ کر لیا ہے۔ یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب روس کی جانب سے یوکرین پر ڈرون اور میزائل حملوں میں حالیہ ہفتوں کے دوران تیزی آئی ہے، جبکہ ماسکو نے جنوب مشرقی زاپورژیا کے محاذ پر پیش قدمی کا بھی دعویٰ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہد آفریدی کی شرٹ “وائز مارکٹ” پر بولی لگا کر آپ بھی گھر بیٹھے خرید سکتے ہیں
زیلنسکی اور میکرون کی ملاقات
خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق، زیلنسکی اس وقت پیرس میں فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون سے ملاقات کر رہے ہیں۔ فرانسیسی ٹی وی چینل TF1/LCI کے مطابق، زیلنسکی نے 100 رافیل لڑاکا طیاروں کی خریداری کا حکم دیا ہے، جس کی تصدیق ایلیزے پیلس نے بھی کر دی۔ تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ طیارے فرانسیسی فضائیہ کے موجودہ ذخیرے سے دیے جائیں گے یا نئے آرڈر کے تحت فراہم کیے جائیں گے۔
معاہدے کی تفصیلات
ٹی وی فوٹیج میں دکھایا گیا کہ میکرون اور زیلنسکی نے پیرس کے قریب ویلکوبلے ملٹری ایئرپورٹ پر ایک رافیل طیارے کے سامنے کھڑے ہو کر ’’فرانسیسی دفاعی سازوسامان‘‘ کی خریداری کے لیے خطِ نیت پر دستخط کیے۔
زیلنسکی نے اتوار کو اپنے ایک بیان میں کہا کہ “فرانس کے ساتھ ایک تاریخی معاہدہ تیار کیا گیا ہے، جس کے تحت ہماری لڑاکا فضائیہ، فضائی دفاع، اور دیگر دفاعی صلاحیتوں میں نمایاں اضافہ ہوگا۔”








