عمران خان کو قید تنہائی میں رکھنا غیر قانونی ہے، 27ویں ترمیم کے خلاف قوم کھڑی نہ ہوئی تو پھر بھیڑ بکریاں بنا دی جائے گی، علیمہ خان
علیمہ خان کا احتجاج
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایک ظالم نظام رائج کیا جارہا ہے۔ عوام کی آواز کو بند کیا جارہا ہے۔ 27ویں ترمیم جس کے ذریعے آپ سے انصاف کا حق لے لیا جائے، صرف پی ٹی آئی نہیں بلکہ پوری پاکستانی عوام پر ظلم ہے۔ اگر اس کے خلاف قوم کھڑی نہ ہوئی تو پھر بھیڑ بکریاں بنا دی جائیں گی۔ عمران خان نے بارہا کہا ہے کہ اپنے حقوق کے لیے آپ کو کھڑے ہونا پڑے گا، آپ مانگیں گے تو ہی حق ملے گا۔
یہ بھی پڑھیں: خیالات کے تبادلے سے نئے احساسات کی تخلیق: خود کی آزادی کا پہلا قدم
گرفتاری کے وارنٹس
اڈیالہ جیل کے باہر اریسٹ وارنٹ پر دستخط کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا: "میں ان کو کہتی ہوں کہ گرفتار کرلیں، لیکن یہ گرفتار نہیں کرتے۔ آج گیارہواں اریسٹ وارنٹ دستخط کروا رہے ہیں۔ میری جائیداد اٹیچ کر رہے ہیں، بینک اکاؤنٹ بند کر رہے ہیں، میرا آئی ڈی کارڈ اور پاسپورٹ بند کردیا ہے۔ انہوں نے نمل یونیورسٹی، جس کے اکاؤنٹ میں دیگر بورڈ ممبران کی طرح میں بھی محض signatory ہوں، وہ اکاؤنٹ بھی بند کردیا ہے۔"
ورکرز کی گرفتاری اور مزید باتیں
علیمہ خان نے مزید کہا کہ "یہ ورکرز کو گرفتار کر لیتے ہیں، پھر ہمیں کہتے ہیں کہ یہاں سے اٹھیں گے تو ان کو چھوڑیں گے ورنہ ہم ان پر پرچے دے دیں گے۔ اس لئے آج ہم نے کہا ہے کہ بے شک پرچے دو یا ہمیں سب کو جیل میں ڈال دو، ہم نہیں گھبراتے۔ آج اگر ہمیں ملاقات کی اجازت نہ ملی تو یہاں سے نہیں اٹھیں گے۔ عمران خان کو قید تنہائی میں رکھنا غیر قانونی ہے۔"








