سپریم کورٹ سے مستعفی ہونے والے ججز آگے آکر ہماری تحریک کو لیڈ کریں، اسد قیصر
اسد قیصر کی پریس کانفرنس
صوابی(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ سے مستعفی ہونے والے ججز آگے آکر ہماری تحریک کو لیڈ کریں، پوری قوم ان کے ساتھ ہوگی۔
ججز کی قربانی کا اعتراف
صوابی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد قیصر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے جن ججز نے قربانی دے کر استعفیٰ دیا ہے وہ پاکستانی قوم کے ہیروز ہیں۔ ہم اُمید رکھتے ہیں کہ وہ آگے آکر تحریک کو لیڈ کریں گے اور پوری قوم ان کے ساتھ ہوگی۔ ہم ججز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں کہ انہوں نے مراعات چھوڑ کر انصاف کا ساتھ دیا ہے۔
پاکستان، افغانستان اور ایران کی صورتحال
اسد قیصر نے کہا کہ پاکستان، افغانستان اور ایران کو سوچنا ہوگا کہ یہ خطہ پھر سے جنگ کی آماجگاہ بنے یا امن ہو۔ پاکستان اور افغانستان اپنے تمام تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں اور دونوں ممالک کو اپنے لوگوں کا بھی خیال رکھنا چاہیے کہ جنگیں کسی مسئلے کا حل نہیں ہیں۔ مذاکرات اور ڈپلومیسی کو موقع دینا چاہیے۔
حکومتی اقدامات کی مذمت
پی ٹی آئی رہنما نے اڈیالہ جیل کے سامنے پی ٹی آئی کی بہنوں پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے حکومت کا فاشسٹ چہرہ اور رویہ پوری دنیا پر عیاں ہوگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 21 نومبر کو ظلم، لاقانونیت اور غیر آئینی قانونی سازی کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے۔ بہت جلد اس حکومت کے خلاف قومی کانفرنس بھی بلائیں گے، جس میں تمام سیاسی پارٹیوں، وکلاء تنظیموں اور میڈیا کو بھی مدعو کیا جائے گا۔
ترمیمات کی مخالفت
اسد قیصر نے کہا کہ 27ویں اور 26ویں ترامیم عوام کے مفاد میں نہیں ہیں اور یہ آئین سے متصادم ہیں۔ حکمران صرف اپنی ذاتی مفاد کے لیے اس قسم کی ترامیم لارہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جس پیپلز پارٹی نے ملک کو 1973 کے آئین کا تحفہ دیا تھا، آج اسی نے اس کا خاتمہ کیا اور جس نے ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگایا تھا، آج اس نے ووٹ کو سب سے زیادہ بے توقیر کردیا۔ ہمیں 1973 کی آئین کو اپنی اصلی شکل میں بحال کرنا ہوگا۔








