کیا پولیس اہلکاروں کو تفتیش کی باقاعدہ تربیت نہیں دی جاتی؟ سندھ ہائیکورٹ آئینی بنچ کے لاپتہ افراد کیس میں ریمارکس،مقدمہ درج کرنے کا حکم
سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سندھ ہائیکورٹ آئینی بنچ نے لاپتہ شہری پرویز کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا اور شہریوں کی گمشدگیوں سے متعلق 18 دسمبر تک پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔ جسٹس مبین لاکھو نے کہا کہ لگتا ہے تربیت کے کتابچے بھی تفتیشی افسران کو نہیں پڑھائے جاتے، کیا پولیس اہلکاروں کو تفتیش کی باقاعدہ تربیت نہیں دی جاتی؟
یہ بھی پڑھیں: بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 9مئی کے 4مقدمات میں ضمانت منظور
لاپتہ افراد کی بازیابی
نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سندھ ہائیکورٹ آئینی بنچ میں 10 سے زائد لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے دائر درخواستوں پر سماعت ہوئی، مختلف علاقوں سے لاپتہ 4 شہری بازیابی کے بعد عدالت پیش ہوئے۔ وکیل درخواستگزار نے کہا کہ دونوں کی بازیابی کیلئے 3 ارب روپے مانگے جا رہے تھے۔ جسٹس یوسف علی سعید نے استفسار کیا کہ کیا تاوان ادا کرکے شہری واپس آئے؟ وکیل درخواست گزار نے کہا کہ پولیس نے لاپتہ شہریوں کی بازیابی کے بعد مقدمہ درج نہیں کیا۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر خان سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ملاقات
پولیس کی کارروائی پر سوالات
بازیاب افراد تھانے گئے لیکن پولیس نے مقدمہ درج نہیں کیا، پولیس نے کہا کہ بیان میں لکھو کہ خود پکنک منانے گئے تھے۔ آئینی بنچ نے کہا کہ لاپتہ شہری واپس آ چکے، درخواست کا مقصد پورا ہو چکا۔
یہ بھی پڑھیں: چیئرمین واپڈا سجاد غنی مستعفی
عدالت کی ہدایت
وکیل نے استدعا کی کہ لاپتہ شہریوں کے بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دیا جائے، آئینی بنچ نے کہا کہ درخواست نمٹا رہے ہیں، آپ مطمئن نہیں تو چیلنج کر سکتے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق ماڑی پور سے لاپتہ شہری پولیس کو مطلوب اور مقدمے میں گرفتار ہے۔ عدالت نے بازیابی کے بعد 5 شہریوں کی گمشدگی کی درخواستیں نمٹا دیں۔
یہ بھی پڑھیں: روزگار کے لیے متحدہ عرب امارات جانے والے پاکستانیوں کے لیے اہم خبر
عدالت کا اظہار برہمی
دیگر شہریوں کی عدم بازیابی پر عدالت نے اظہار برہمی کیا، جسٹس یوسف علی سعید نے کہا کہ پولیس افسران کے تفتیشی طریقہ کار پر حیرت ہے۔ جسٹس مبین لاکھو نے کہا کہ لگتا ہے تربیت کے کتابچے بھی تفتیشی افسران کو نہیں پڑھائے جاتے۔ عدالت نے شہریوں کی گمشدگیوں سے متعلق 18 دسمبر تک پیشرفت رپورٹ طلب کرلی۔
پرویز کی گمشدگی کا مقدمہ
عدالت نے لاپتہ شہری پرویز کی گمشدگی کا مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیا، عدالت نے کہا کہ مقدمہ درخواست گزار کے بیان کے مطابق درج کیا جائے۔








