ڈپٹی چیف کمرشل منیجر (پسنجر) کے ٹرینوں پر مسلسل چھاپے، 1993 بغیر ٹکٹ مسافروں کو جرمانہ
چھاپے اور بغیر ٹکٹ مسافروں کے خلاف کارروائیاں
لاہور (آئی این پی) ڈپٹی چیف کمرشل منیجر (پسنجر) پاکستان ریلوے ناصر نذیر نے 12 سے 18 نومبر کے دوران مختلف ٹرینوں پر مسلسل چھاپے مارے۔ چھاپوں کے دوران سیکڑوں بغیر ٹکٹ مسافروں سے لاکھوں روپے وصول کیے گئے۔
یہ بھی پڑھیں: ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی وسائل کی بہتر مینجمنٹ کیلئے کام کررہے ہیں: وزیر اعلیٰ پنجاب
ٹکٹ چیکنگ سکواڈ کی کارروائیاں
تفصیلات کے مطابق، ڈپٹی چیف کمرشل منیجر (پسنجر) ناصر نزیر کی قیادت میں ہیڈ کوارٹرز ٹکٹ لیس چیکنگ سکواڈ نے مختلف ٹرینوں پر اچانک چھاپے مارے اور بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافروں کے خلاف موثر کارروائیاں کیں۔ ان کارروائیوں کے دوران مختلف سیکشنز پر چلنے والی ٹرینوں میں کارروائیاں کی گئیں جن میں لاہور-ساہیوال، ساہیوال-خانیوال، لاہور-فیصل آباد، فیصل آباد-شورکوٹ، خانیوال-ملتان-روہڑی اور دیگر سیکشنز شامل ہیں۔ خصوصی چھاپے علامہ اقبال ایکسپریس، تیزگام، خیبر میل، عوام ایکسپریس، پاکستان ایکسپریس، شالیمار ایکسپریس، ملت ایکسپریس، اور رحمان بابا ایکسپریس پر بھی کیے گئے۔
بغیر ٹکٹ مسافروں سے وصول کی گئی رقم
مجموعی طور پر کارروائیوں کے دوران 1993 بغیر ٹکٹ مسافروں سے 40 لاکھ 53 ہزار 529 روپے کی رقم وصول کرکے قومی خزانے میں جمع کروائی گئی۔ ڈپٹی چیف کمرشل منیجر (پسنجر) ناصر نزیر نے کہا کہ بغیر ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا تاکہ ریلوے کے ریونیو کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جا سکے، اور بغیر ٹکٹ مسافروں کی حوصلہ شکنی بھی کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائیاں وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی، چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے عامر علی بلوچ، اور چیف کمرشل منیجر طارق انور سپرا کی ہدایات کی روشنی میں کی جا رہی ہیں۔








