5 سال کے دوران کتنے بھارتی لڑاکا طیارے گر کر تباہ ہوئے؟ اہم تفصیلات سامنے آگئیں
بھارتی لڑاکا طیارہ دبئی ایئر شو میں تباہ
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت میں مقامی طور پر تیار کردہ لڑاکا طیارہ تیجس دبئی ایئر شو میں مظاہرے کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔ فائٹر جیٹ کے زمین سے ٹکراتے ہی آگ کا شعلہ دیکھا گیا، جبکہ جائے حادثہ پر سیاہ دھواں اڑتا ہوا نظر آیا۔
یہ بھی پڑھیں: قبل از وقت پیدا ہونے والے بچوں میں دماغی صلاحیت میں کمی کا انکشاف
پائلٹ کی ہلاکت کی تصدیق
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر انڈین ایئر فورس (آئی اے ایف) نے واقعے میں پائلٹ کے ہلاک ہونے کی تصدیق کی۔
بھارتی فضائیہ کے ماضی کے حادثات
ڈان نیوز کے مطابق، یہ پہلا موقع نہیں ہے جب بھارتی فضائیہ کے لڑاکا طیاروں کا حادثہ رونما ہوا ہو، گزشتہ 5 سالوں کے دوران پیش آنے والے ایسے حادثات کی تفصیلات بیان کی جا رہی ہیں۔
ماضی کے اہم واقعات
فروری 2020 میں ٹائمز آف انڈیا نے ایک بھارتی بحریہ کے ترجمان کے حوالے سے رپورٹ کیا تھا کہ بھارتی فضائیہ کا ایک میگ-29 گوا کے ساحل کے قریب گر کر تباہ ہو گیا، جو معمول کی تربیتی پرواز پر تھا۔
17 مارچ 2021 میں بھارت میں میگ-21 بائیسن طیارہ گرنے سے ایک آئی اے ایف پائلٹ ہلاک ہوا۔ آئی اے ایف کے بیان میں کہا گیا کہ گروپ کیپٹن اے گپتا ایک جنگی تربیتی مشن کے لیے ایئربیس سے اُڑے تھے، جب انہیں یہ مہلک حادثہ پیش آیا۔ مزید کہا گیا کہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے کورٹ آف انکوائری قائم کر دی گئی ہے۔
2022 اور 2023 میں حادثات
29 جولائی 2022 میں بھارت میں سوویت دور کا ایک میگ-21 تربیتی پرواز کے دوران راجستھان میں کریش کر گیا، جبکہ 2 پائلٹ ہلاک ہوئے۔ بھارتی فضائیہ نے بتایا کہ تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ہو گیا، اور وجہ معلوم کرنے کے لیے تحقیقات کا حکم دے دیا گیا۔
29 جنوری 2023 میں بھارتی دارالحکومت کے قریب مشقوں کے دوران بظاہر فضا میں ٹکرانے سے 2 فائٹر جیٹ طیارے گر کر تباہ ہو گئے، جس میں ایک پائلٹ ہلاک اور دو زخمی ہوئے۔
حال کے واقعات
8 مئی کو راجستھان کے علاقے سورت گڑھ کے قریب ایک روسی ساختہ مگ-21 آن بورڈ ایمرجنسی کے باعث گرنے سے زمین پر موجود تین افراد ہلاک ہو گئے تھے۔ آئی اے ایف نے بتایا تھا کہ پائلٹ محفوظ طور پر باہر نکل آیا۔
12 مارچ 2024 میں بھارتی فضائیہ کا مقامی طور پر تیار کردہ جنگی طیارہ ریاست راجستھان میں گر کر تباہ ہوا۔ یہ اس طیارے کے شامل کیے جانے کے بعد پہلا ایسا واقعہ تھا۔
9 جولائی 2025 میں بھارتی فضائیہ کے مطابق، اس کے دو پائلٹ راجستھان کے ضلع چورو کے ایک گاؤں کے قریب جیگوار لڑاکا طیارہ گرنے سے ہلاک ہو گئے۔








