اسلام آباد ائیرپورٹ پر غیر ملکی ائیر لائن کا طیارہ لینڈنگ کے دوران ہولناک حادثے سے بچ گیا
خطرناک حادثے سے بچاؤ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) اسلام آباد ائیرپورٹ پر غیر ملکی ایئر لائن کا طیارہ لینڈنگ کے دوران ہولناک حادثے سے بچ گیا۔ پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی کے ذرائع کے مطابق ایئر ٹریفک کنٹرولر کے بروقت اقدام نے طیارے کو بند رن وے پر لینڈنگ کرنے سے روکا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے 3 ون ڈے میچز ٹی20 میں تبدیل کرنے کی تجویز
واقعے کی تفصیلات
جیو نیوز کے مطابق سعودی ایئرلائن کی پرواز نمبر 728 جدہ سے اسلام آباد پہنچی تھی۔ اسلام آباد ائیرپورٹ کا رن وے 28 لیفٹ مرمت کے لیے بند ہے۔ پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے رن وے 28 لیفٹ بند ہونے اور رن وے 28 رائٹ کھلے ہونے کا نوٹم بھی جاری کیا ہوا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: محکمہ داخلہ سندھ نے مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر سیکیورٹی سے متعلق اعلامیہ کی سختی سے تردید کر دی
غلط رن وے کی معلومات
سعودی ایئرلائن کے پائلٹ نے لینڈنگ اپروچ 28 رائٹ کے بجائے 28 لیفٹ کے بند رن وے کی بنائی۔ کنٹرول ٹاور پر موجود ایئر ٹریفک کنٹرولر نے طیارے کے پائلٹ کو غلط رن وے پر ہونے کا بتایا۔ غیر ملکی ایئرلائن کا پائلٹ آخر وقت تک کہتا رہا کہ وہ ٹھیک رن وے پر ہے۔ ایئر ٹریفک کنٹرولر نے عین وقت پر پائلٹ کو لینڈنگ سے روک کر دوبارہ چکر لگانے کو کہا۔
محفوظ لینڈنگ
دوسری کوشش میں سعودی ایئرلائن کے بوئنگ 777 طیارے نے درست رن وے پر لینڈ کیا۔ جس وقت طیارے نے 28 لیفٹ پر لینڈنگ اپروچ بنائی، اس وقت رن وے پر بڑی تعداد میں لوگ اور گاڑیاں موجود تھیں۔ غلط رن وے پر لینڈنگ ہو جاتی تو سنگین حادثہ پیش آسکتا تھا۔ سعودی ایئرلائن کے بوئنگ 777 طیارے میں سیکڑوں مسافر موجود تھے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان ائیرپورٹس اتھارٹی نے واقعے کا نوٹس لے لیا ہے۔








