واشنگٹن میں نیشنل گارڈ پر حملہ کرنے والا مشتبہ شخص افغان شہری نکلا
حملے کا واقعہ
واشنگٹن(ڈیلی پاکستان آن لائن)امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی میں نیشنل گارڈ کے دو اہلکاروں پر فائرنگ کے واقعے کے مشتبہ حملہ آور کی شناخت 29 سالہ رحمان اللہ لکھانوال کے طور پر کر لی گئی ہے جس کا تعلق افغانستان سے ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پنجاب میں دہشتگردوں کی کارروائیاں ناکام، 16 گرفتار
رحمان اللہ کا پس منظر
این بی سی نیوز کے مطابق رحمان اللہ لکھانوال اگست 2021 میں افغانستان سے امریکہ آیا تھا، جب بائیڈن انتظامیہ کے دور میں انخلا اور آپریشن الائیز ویلکم کے تحت ہزاروں افغان شہریوں کو کم از کم ویٹنگ کے ساتھ امریکہ منتقل کیا گیا تھا۔ امریکی حکام کے مطابق مشتبہ شخص کا آخری معلوم مقام بیلنگھم، واشنگٹن تھا۔
یہ بھی پڑھیں: میرے رب نے جب اس سرزمین پر سبی بنایا تو دوزخ بنانے کی کیا ضرورت تھی
غیر قانونی قیام
فاکس نیوز کے مطابق لکھانوال نے اپنی ویزا مدت سے زیادہ قیام کیا اور اس وقت غیر قانونی طور پر امریکہ میں موجود تھا۔ فائرنگ کے واقعے میں دونوں ویسٹ ورجینیا نیشنل گارڈ کے اہلکار شدید زخمی ہوئے اور تشویشناک حالت میں ہیں۔ حملے کے دوران مشتبہ شخص بھی زخمی ہوا جسے ہسپتال میں طبی امداد دی جارہی ہے۔
تحقیقات کا آغاز
ایف بی آئی نے اس واقعے کی تحقیقات ممکنہ دہشت گردی کے زاویے سے شروع کر دی ہیں۔ اگست 2021 وہی مہینہ تھا جب ایبی گیٹ حملے میں 13 امریکی فوجی ہلاک ہوئے اور اسی مہینے امریکی حکومت نے ہزاروں افغان شہریوں کو ہنگامی طور پر ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی تھی۔







