ایک صوبے کا وزیر اعلیٰ دھرنادھرنا کھیل رہا ہے اور مریم نواز لوگوں کو گھر اور مفت پلاٹس دے رہی ہیں:عظمیٰ بخاری
وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب کا بیان
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمٰی بخاری نے کہا ہے کہ پنجاب میں عوام کو مفت کینسر کی ادویات کی فراہمی کے بعد اب مفت پلاٹ بھی ملنے شروع ہو گئے ہیں، جو وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے فلاحی ویژن کا عملی ثبوت ہے۔ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کی بےپناہ پذیرائی کے بعد وزیر اعلیٰ مریم نواز نے '''اپنی زمین اپنا گھر''' پروگرام بھی آغاز کر دیا ہے تاکہ کم آمدنی والے خاندان جلد از جلد اپنی رہائش کے مالک بن سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: بعض پالیسیوں پر اختلافات کے باوجود پیپلز پارٹی وفاقی حکومت کے ساتھ ہے، بلاول بھٹو زرداری
مفت پلاٹس کی تقسیم اور اس کا اثر
انہوں نے مزید بتایا کہ میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ مریم نواز نے خود خوش نصیب خاندانوں کو فون کرکے مفت پلاٹ ملنے کی مبارکباد دی، جو اس عوام دوست پروگرام کی شفافیت اور اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔ اپنی چھت اپنا گھر پروگرام کے تحت ایک لاکھ 20 ہزار گھر تعمیر ہو رہے ہیں جبکہ اگلے 5 سال میں 5 لاکھ گھروں کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جو پنجاب میں رہائشی سہولیات کے نئے دور کا آغاز ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 5 اکتوبر احتجاج کیس: علیمہ خان اور عظمیٰ خان کی عبوری ضمانت میں توسیع
عوام کی خدمت اور سیاسی تبصرے
وزیر اطلاعات نے کہا کہ کسی کی قسمت میں صرف احتجاج اور دھرنے ہیں جبکہ کسی کی قسمت میں خدمتِ خلق ہے۔ مسلم لیگ (ن) کا منشور ہمیشہ عوام کی خدمت رہا ہے جبکہ تحریکِ فساد کا منشور دھرنوں اور احتجاج کے سوا کچھ نہیں۔ عظمٰی بخاری نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ 2 ماہ سے ساڑھے چار کروڑ آبادی کا صوبہ بے یار و مددگار ہے، کیونکہ اس کے موجودہ وزیراعلیٰ کو اپنے عوام کی نہیں بلکہ ایک قیدی کی فکر ہے۔ ضمنی انتخابات کے نتائج ثابت کر چکے ہیں کہ عوام انتشار اور دھرنوں کی سیاست کو مکمل طور پر مسترد کر چکے ہیں۔ آج عوام اس کے ساتھ کھڑے ہیں جو انہیں معیاری تعلیم، بہترین صحت کی سہولیات اور جدید سفری نظام فراہم کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد احتجاج: پی ٹی آئی قیادت کے خلاف مقدمات کی حیران کن تفصیلات سامنے آئیں
خیبر پختونخوا اور وفاقی حکومت کی تنقید
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا کے عوام بدقسمت ہیں کہ ان کا وزیراعلیٰ صرف اڈیالہ جیل کا مجاور بنا ہوا ہے اور اپنی عوام کی مشکلات سے کوئی سروکار نہیں رکھتا۔ اڈیالہ کے باہر دھمال ڈالنے والوں نے صوبے کے مسائل کو یکسر نظرانداز کر رکھا ہے۔ مہمان بن کر آئیں تو سر آنکھوں پر، لیکن اگر وہ وفاق پر حملہ کرنے یا جلسوں کا شیڈول طے کرنے آئیں تو معاملہ مختلف ہوگا۔ اڈیالہ سے کبھی پاکستان کے لیے خیر کی خبر نہیں آئی، وہاں سے صرف ملک مخالف گفتگو سننے کو ملتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شام: دمشق کے گرجا گھر میں خودکش دھماکا، 15 افراد ہلاک
پاکستان کی خارجہ پالیسی
وزیر اطلاعات نے کہا کہ آکسفورڈ یونیورسٹی میں بھارتی وفد کا بھاگ جانا پاکستان کی مؤثر خارجہ پالیسی کا ثبوت ہے۔ بھارت آج تک اپنے گرے ہوئے 8 رافیل طیاروں کو بھی جسٹیفائی نہیں کر پایا اور خطے میں عدم استحکام کی کوششیں کر رہا ہے۔ بھارت پاکستان کے خلاف پروکسی وار لڑ رہا ہے اور جب بھی اسے بے نقاب کیا جائے گا وہ ایسے ہی بھاگے گا۔
یہ بھی پڑھیں: 10 ویں جماعت میں اعلیٰ پوزیشن لینے والا طالبعلم ایک دن کے لیے پنجاب کا وزیر تعلیم بن گیا
سلائی مشینوں کا تبصرہ
ایک سوال کے جواب میں عظمٰی بخاری نے کہا کہ پنجاب حکومت سلائی مشینیں نہیں بانٹ رہی، کیونکہ ہماری قسمت میں وہ مہاتما جیسی مشینیں نہیں جن سے اربوں نکلتے ہوں یا بیرون ملک جائیدادیں خریدی جا سکیں۔
پیپلز پارٹی کا سیاسی کردار
پیپلز پارٹی سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اتحادی ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب ہمیشہ انہیں ایڈجسٹ کرتی ہیں، مگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت ایک واضح پالیسی اور جدید گورننس سسٹم پر چل رہی ہے۔ پٹواری، تحصیلدار یا کوئی ایس ایچ او کسی ایم پی اے یا ایم این اے کے کہنے پر تعینات نہیں ہوتا، جہاں تقاضا ہو وہاں ضرور ایڈجسٹ کیا جاتا ہے، جو کہ بالکل جائز ہے۔








