نیا ریکارڈ، پنجاب میں 2 دن میں زمینوں پر ناجائز قبضے کے 1005 کیسز نمٹا دیئے گئے، رپورٹ وزیر اعلیٰ کو پیش
پنجاب میں زمینوں کے قبضے کا ایک نیا دور
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ”جس کی ملکیت۔۔۔ اسی کا قبضہ“، پنجاب میں زمین ہتھیانے والے غاصبوں کا اندھا راج ختم کر دیا گیا۔ پنجاب حکومت نے صرف دو دن میں زمینوں پر ناجائز قبضے کے 1005 کیس نمٹا کر حیران کن تاریخی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ برسوں سے عدالتی چکر کاٹنے والے ایک ہزار پانچ خاندانوں کو 48 گھنٹوں میں زمین کی ملکیت کا حق واپس مل گیا۔
یہ بھی پڑھیں: مسئلہ فلسطین کے حوالے سے سعودی وزیر خارجہ کا اہم بیان آگیا
وزیراعلیٰ کی مانیٹرنگ
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز لائیو ڈیش بورڈ پر خود مانیٹر کر رہی ہیں۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز کی سربراہی میں پراپرٹی آرڈیننس کے موثر نفاذ پر اہم اجلاس میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ صرف دو دن میں 1005 کیسز نمٹانے کے وزیراعلیٰ کے نئے ریکارڈ کی تفصیلی رپورٹ پیش کی گئی۔ وزیر اعلیٰ نے نئے پراپرٹی آرڈیننس کے موثر نفاذ کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔ پنجاب میں خواتین کے زمین کے کیسز اولین ترجیح پر حل کیے جائیں گے۔
زمین کے اصل مالک کا حق
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ زمین کا اصل مالک جب تک قبضہ نہ لے، فیصلہ ادھورا ہے۔ کاغذ پر نہیں، قبضہ زمین پر حقیقی طور پر نظر آنا چاہیے۔ پنجاب کے ہر مرلے، ہر کنال، ہر ایکڑ پر صرف اور صرف اصل مالک کا ہی قبضہ ہوگا۔ اگر کسی نے زمین یا پراپرٹی پر ناجائز قبضہ کر رکھا ہے تو وہ اپنے متعلقہ ڈپٹی کمشنر آفس میں درخواست دیں، دو دنوں میں فیصلہ ہوگا۔








