لاہور میں 2 روز کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر سیکڑوں مقدمات درج، گرفتار 415 ملزمان کی ضمانتیں منظور
لاہور میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) شہر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر پکڑے گئے سیکڑوں افراد کا ضمانتوں کے لیے عدالتوں میں رش لگ گیا، پکڑے جانے والوں میں متعدد نوجوانوں کی عمریں 16 سال سے بھی کم ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعلیٰ مریم نواز کی زیر صدارت اجلاس، مقامی معززین پر مشتمل مزید مؤثر مسجد مینجمنٹ کمیٹیوں کے قیام پر اتفاق، مدارس کا ڈیٹا، مساجد کی جیو ٹیکنگ مکمل۔
پکڑے گئے افراد کی تعداد اور ضمانتیں
جیو نیوز کے مطابق لاہور پولیس نے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 2 روز کے دوران پکڑے گئے 750 سے زائد افراد کو ضلع کچہری میں پیش کیا جہاں ڈیوٹی مجسٹریٹ نے 415 ملزموں کی ضمانتیں منظور کرلیں۔ گرفتار ہونے والوں میں متعدد نوجوانوں کی عمریں 16 سال سے بھی کم ہیں۔ ان نوجوانوں کا کہنا تھا کہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے انہیں ہتھکڑیاں لگا دیں، پولیس سے کہا تھا کہ چالان کردیں مگر مقدمہ درج کرکے گرفتار کرلیا گیا۔
ٹریفک پولیس کی کاروائیاں
ترجمان ٹریفک پولیس پنجاب کے مطابق 24 گھنٹوں میں صوبے بھر میں 63 ہزار 970 گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے چالان ہوئے اور 8 کروڑ 42 لاکھ 90 ہزار 950 روپے کے جرمانے کیے گئے۔ 23904 گاڑیاں پنجاب کے مختلف تھانوں میں بند کی گئیں، ہیلمٹ کی خلاف ورزی پر ایک دن میں 28 ہزار چالان ہوئے، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 4312 افراد کے خلاف مقدمات درج ہوئے۔








