یو اے ای کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع میں تعاون مزید بڑھنے کا یقین ہے: صدر مملکت
صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا بیان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ یو اے ای کیساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع میں تعاون مزید بڑھنے کا یقین ہے۔ پاکستان اور یو اے ای کے تاریخی برادرانہ تعلقات مزید مضبوط ہو رہے ہیں، پاکستان کو فخر ہے کہ وہ 1971 میں یو اے ای کو تسلیم کرنے والا پہلا ملک تھا۔
یہ بھی پڑھیں: غنڈا ایکٹ 2025 کا مسودہ تیار، کسی بھی شخص کو غنڈہ قرار دیا جا سکے گا۔
پاک-امارات تعلقات کی اہمیت
متحدہ عرب امارات کے قومی دن پر اپنے پیغام میں صدر زرداری نے کہا کہ پاک، امارات تعلقات مشترکہ مذہب، اعتماد اور نسل در نسل رشتوں پر قائم ہیں۔ اماراتی قیادت کے ساتھ ہمارے دیرینہ اور گرم جوش تعلقات مثالی ہیں، تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع میں تعاون مزید بڑھنے کا یقین ہے۔ امارات میں پاکستانی کمیونٹی دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط پل کا کردار ادا کررہی ہے، پاکستان یو اے ای کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے دعاگو ہے۔ پاکستان یو اے ای کے ساتھ شراکت داری مزید گہری کرنے کا خواہاں ہے۔
خاندانی تعلقات کی تاریخ
صدر مملکت نے مزید کہا کہ چار نسلوں سے ہمارے خاندان کا یو اے ای سے خصوصی تعلق ہے، بیگم نصرت بھٹو نے آخری ایام یو اے ای میں گزارے، شہید بینظیر بھٹو نے مشکل برسوں میں جلاوطنی گزاری، میری بیٹی آج یو اے ای کو اپنا گھر بنا چکی ہے۔








