بھارتی کوچ گوتم گمبھیر اور ویرات کوہلی کے درمیان اختلافات مزید بڑھ گئے: بھارتی بیٹر کا اہم ٹورنامنٹ کھیلنے سے انکار
ویرات کوہلی کا وجے ہزارے ٹرافی میں شرکت سے انکار
لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارت کے سٹار کرکٹر ویرات کوہلی نے ملک کے اہم ترین ڈومیسٹک ٹورنامنٹ 'وجے ہزارے ٹرافی‘ کھیلنے سے انکار کر دیا۔ آسٹریلیا کے خلاف بارڈرگواسکر ٹرافی میں شکست کے بعد سے بی سی سی آئی، ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور چیف سلیکٹر اجیت اگرکر واضح کرچکے ہیں کہ سینٹرل کانٹریکٹ میں شامل کھلاڑی انٹرنیشنل میچز سے فری ہوکر ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں حصہ لیں۔
یہ بھی پڑھیں: مودی سرکار کا صحافت پر کریک ڈاؤن، بھارت صحافتی آزادی میں 151 ویں نمبر پر گر گیا
بی سی سی آئی کی ہدایات
بھارتی کرکٹ بورڈ کی جانب سے بھی گزشتہ دنوں ویرات کوہلی اور روہت شرما کو واضح کیا گیا تھا کہ قومی ٹیم میں رہنا ہے تو ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں حصہ لو تاکہ انٹرنیشنل کرکٹ کی ڈیمانڈز اور فٹنس کے معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔ تاہم بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ویرات کوہلی نے بی سی سی آئی کی ہدایت کے خلاف سخت مؤقف اختیار کیا ہے اور انہوں نے اس ماہ کے آخر میں شروع ہونے والی وجے ہزارے ٹرافی میں کھیلنے سے انکار کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سمیت 12 اراکین اسمبلی کی بنیادی رکنیت ختم کردی
کرکٹ بورڈ میں نئی بحث
بھارتی میڈیا کے مطابق ویرات کوہلی نے اتوار کو جنوبی افریقا کے خلاف اپنی 52ویں ون ڈے سنچری اسکور کی تھی، لیکن اس کے باوجود انہوں نے ڈومیسٹک سطح پر کھیلنے سے معذرت کر لی ہے، جس کی وجہ سے کرکٹ بورڈ میں ایک نئی بحث چھڑ گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ روہت شرما تو وجے ہزارے ٹرافی میں ممبئی کی نمائندگی کرنے کے لیے تیار ہیں، لیکن ویرات کوہلی کے انکار کے بعد کوہلی کا ٹیم مینجمنٹ اور بی سی سی آئی سے ٹکراؤ کا امکان ہے۔
تعلقات میں تلخی اور دباؤ
بھارتی میڈیا کی جانب سے یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر اور سینیئر بیٹرز ویرات کوہلی اور روہت شرما کے درمیان تعلقات میں تلخی پیدا ہوگئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ون ڈے ٹیم کے ڈریسنگ روم کا ماحول اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے۔ ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز میں دونوں سینیئر کھلاڑیوں کی واپسی ٹیم کے ماحول میں وہ گرمجوشی واپس نہیں لائی جو ٹیسٹ سیریز کے دوران نظر آئی تھی۔ ٹیم کے ہیڈ کوچ گمبھیر اور دونوں سینیئر کھلاڑیوں کے درمیان اعتماد اور بات چیت میں کمی آئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ کوہلی اور روہت کی جانب سے اچانک ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے فیصلے کے بعد سے ہیڈ کوچ اور سینیئر کھلاڑیوں کے تعلقات میں دراڑیں کھل کر سامنے آئی ہیں۔








