عمران خان کے ذاتی مفاد اور انا کے سامنے ملک سرینڈر نہیں کرے گا، عظمیٰ خان کی بھی بھائی کے ساتھ ملاقات بند کر دی گئی ہے، عطاء تارڑ
وفاقی وزیر برائے اطلاعات کا بیان
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر برائے اطلاعات عطا تارڑ کا کہنا ہے کہ ریاست نے فیصلہ کیا ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر اگر اب امن و امان کی صورتحال خراب ہوئی تو آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں: قاسم اور سلمان میزائل ہیں تو یہ رافیل ہیں،عمران خان کے بچوں کو میزائل کہنے پرفیصل چوہدری کا دوبدو جواب
عمران خان کے بارے میں بیان
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان کے ذاتی مفاد اور انا کے سامنے ملک سرینڈر نہیں کرے گا۔ عمران خان کے پاس صرف میں، میں اس کے علاوہ اور کچھ نہیں، ان کے لیے ملک کی اہمیت نہیں، آگ لگانے کی بات کرتے ہیں، سمجھ نہیں آتی ان کا مقصد کیا ہے، ملک کے ڈیفالٹ ہونے کی دعائیں کی جارہی ہیں۔
قانون کی خلاف ورزی اور ملاقاتوں کی بندش
عطا تارڑ نے کہا کہ جس جس نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے اس کی ملاقات بند کردی گئی ہے۔ عظمیٰ خانم نے اچھا کیا کہ باہر آکر انہوں نے بتایا کہ عمران خان غصے میں تھے، انہیں غصے سے پہلے سوچنا چاہیے تھا 190 ملین پاؤنڈ کی کرپشن درست نہیں۔ عمران خان سے عظمیٰ خان کی ملاقات بھی آج سے بندکر دی گئی ہے۔








