تحریک انصاف پاکستان مخالف بیانیے سے اظہار لا تعلقی نہیں کر رہی، وزیر دفاع خواجہ آصف
وزیر دفاع کی تنقید
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اینٹی پاکستان بیانیے سے اظہار لاتعلقی نہیں کررہی۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے اداروں کے خلاف بیانیہ بنایا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جامعہ کراچی نے جسٹس طارق محمود جہانگیری کا نتیجہ اور ڈگری منسوخ کردی، نوٹیفکیشن جاری
سوشل میڈیا اکاؤنٹ کا کردار
انہوں نے کہا کہ کیا کرنا ہے کیا بیانیہ بنانا ہے اس اکاؤنٹ سے ساری لیڈز ملتی ہیں، اس اکاؤنٹ سے کبھی پاک فوج کے خلاف تو کبھی عدالتوں کے خلاف بیانیہ آ جاتا ہے۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے سوشل میڈیا اکاونٹ کی تحقیقات تو بعد کی بات ہے، اس سے پی ٹی آئی نے لاتعلقی کا اظہار نہیں کیا۔ اُن کا کہنا تھا کہ اس اکاؤنٹ سے اداروں کے خلاف ایک بیانیہ بنایا جاتا ہے، پی ٹی آئی والے اینٹی پاکستان بیانیے سے لا تعلقی کا اظہار نہیں کر رہے۔
سازش کا الزام
خواجہ آصف نے یہ بھی کہا کہ یہ پاکستان کے خلاف ایک سازش ہے اس سے بھارت اور افغانستان کو خوش کیا جا رہا ہے، اس وقت ہم افغانستان اور بھارت کے خلاف برسر پیکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی لیڈر شپ پاکستان کے ساتھ نہیں بلکہ دشمنوں کی صف کے ساتھ کھڑی ہے۔ وزیر دفاع نے کہا کہ بھارت کو شکست دے کر ہماری افواج نے تاریخ میں ایک نیا باب رقم کیا ہے، کیا یہ وہ وقت بھول گئے جس وقت ثاقب نثار اور باقیوں نے سپریم کورٹ کو مذاق بنایا۔








