سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں، کسی بھی سطح پر بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا: وزیراعلیٰ پنجاب
وزیراعلیٰ پنجاب کا بدعنوانی کے خلاف عزم
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ بدعنوانی جرم کے ساتھ سماجی، معاشی اور معاشرتی ظلم ہے۔ روزاول سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے زیروٹالرنس پالیسی اپنائی ہے۔ بدعنوانی کے باعث معاشرے میں بدامنی اور مایوسی پھیلتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 190 ملین پاؤنڈ کیس: پی ٹی آئی رہنما عمران اور بشریٰ بی بی کی سزا معطلی کا کیس مقرر کرانے کے لیے متحرک
انسداد بدعنوانی کا عالمی دن
وزیر اعلیٰ مریم نواز نے انسداد بدعنوانی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا کہ حکومتی امور میں شفافیت، کرپشن کے خاتمے اور سروس ڈلیوری میں بہتری کی پالیسی سے عالمی سطح پر ملک کا امیج بہتر ہوا ہے۔ کے پی آئیز سسٹم نے حکومتی افسران کو مزید مستعد اور متحرک بنایا ہے، جس سے عوامی خدمات میں بہتری آئی ہے۔ کرپشن صرف اخلاقی زوال نہیں، بلکہ قوم کی ترقی کا قاتل ہے۔ کرپشن نہ صرف قومی وسائل کو نقصان پہنچاتی ہے بلکہ عوام کے اعتماد کو بھی متزلزل کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پریس فریڈم انڈیکس میں پاکستان کی تنزلی، 152 سے 158 درجے پر آگیا
پنجاب حکومت کا عزم
پنجاب حکومت بدعنوانی کے ناسور کو ہمیشہ کے لئے ختم کرنے کے لئے پر عزم ہے۔ ہر قسم کی بدعنوانی کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ کسی بھی سطح پر بدعنوانی کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ گورننس کے نظام میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنانے کے لیے کے پی آئیز (KPIs) متعارف کروائے گئے ہیں۔ ہماری منزل بدعنوانی سے پاک، ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان ہے۔ معاشرے کو کرپشن کی لعنت سے پاک کرنے میں ہر فرد اپنا کردار ادا کرے۔
اجتماعی ذمہ داری کا اظہار
وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ شفافیت، دیانتداری اور میرٹ کا فروغ اجتماعی ذمہ داری ہے۔ بدعنوانی کے مکمل خاتمے کے لئے معاشرے کے ہر طبقے کو حکومت کے ساتھ مل جل کر جدوجہد کرنا ہوگی۔ اینٹی کرپشن کو آزاد ادارہ بنایا گیا ہے جس سے ادارے میں بے پناہ بہتری آئی ہے۔ ہمیں آج اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ کرپشن کی لعنت کے مکمل خاتمے کے لئے نیک نیتی و ایمانداری سے آگے بڑھیں گے۔ مالی بدعنوانی کے خلاف ٹھوس اقدامات کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔ بدعنوانی کے خلاف جدوجہد حکومتوں، سول سوسائٹی، میڈیا اور ہر شہری کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔








