واٹر کینن کا استعمال عمران خان کی بہنوں کی نہیں پاکستان کی ہر ماں اور بہن کی بے حرمتی ہے، علامہ راجہ ناصر عباس
انسانی حقوق کی پامالی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ اڈیالہ جیل کے باہر انسانی حقوق کے دن سے چند لمحے پہلے سابق وزیراعظم عمران خان کی بہنوں پر پولیس کے تشدد اور واٹر کینن کے استعمال نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ پاکستان میں قانون، آئین اور بنیادی انسانی حقوق بری طرح پامال ہو چکے ہیں۔ عدالتوں کے واضح احکامات کے باوجود عمران خان کو اہلِ خانہ سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جاتی، اور نہتی، باپردہ بزرگ خواتین کو بالوں سے گھسیٹا جاتا ہے، ہراساں کیا جاتا ہے اور ریاستی طاقت سے دبایا جاتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشن جاری، ایئر لفٹ ڈرونز دور دراز علاقوں میں پھنسے افراد تک کھانا اور ادویات پہنچا رہے ہیں
عورتوں کی بے حرمتی اور استحصال
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ توہین صرف عمران خان کی بہنوں کی نہیں، بلکہ پاکستان کی ہر ماں اور بہن کی بے حرمتی ہے۔ ایسا ظلم قرآن، آئین اور عالمی انسانی حقوق کے ہر اصول کی کھلی خلاف ورزی ہے۔ مگر تاریخ گواہ ہے کہ ظلم ہمیشہ قائم نہیں رہتا؛ ایک وقت آئے گا جب قوم اٹھ کھڑی ہوگی اور ظالموں کو ان کے اعمال کا جواب دینا ہوگا۔
آئین، انصاف اور قومی مفاہمت
علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا تھا کہ ہم آئین، انصاف، آزاد انتخابات اور قومی مفاہمت کی بات کر رہے ہیں تاکہ ملک کو اس بند گلی سے نکالا جا سکے۔ لیکن اگر اب بھی راستہ نہ چُنا گیا تو وقت ہاتھ سے نکل جائے گا۔ ہم سچ، عزتِ نفس اور انسانی کرامت کے راستے پر قائم رہیں گے، اور اللہ ہی ہماری آخری امید ہے۔








