خاتونِ اول آصفہ بھٹو زرداری نے سندھ کے ادارہ برائے امراض قلب شہید بینظیر آباد کی نوتعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کردیا
نئی عمارت کا افتتاح
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کی خاتونِ اول اور رکن قومی اسمبلی آصفہ بھٹو زرداری نے سندھ کے ادارہ برائے امراض قلب شہید بینظیر آباد کی نوتعمیر شدہ عمارت کا افتتاح کردیا جو صوبے میں مفت اور جدید امراض قلب کا علاج فراہم کرنے کی جانب اہم سنگِ میل ہے۔
یہ بھی پڑھیں: دنیا کا کوئی فورم ہو بھارت وہاں سے بھاگ رہا ہے، مودی آپ جنگیں بھی ہارے اب سازش بھی ہارو گے: بلاول بھٹو زرداری
صحت عامہ کی دیکھ بھال میں کردار
ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر خاتون اول نے صحت عامہ کی دیکھ بھال کو مضبوط اور یقینی بنانے میں سندھ کے ادارہ برائے امراض قلب اور صوبائی حکومت کے کردار کو سراہا۔
یہ بھی پڑھیں: سیمنٹ کی قیمت میں اضافہ
باہم تعاون کی اہمیت
انہوں نے کہا کہ سندھ کے ادارہ برائے امراض قلب جیسے ادارے باوقار طریقے سے بروقت اور مفت علاج فراہم کرکے مریضوں خاص طور پر پسماندہ طبقوں کے لوگوں کے لیے لائف لائن بن گئے ہیں۔ نیا افتتاح شدہ ادارہ برائے امراض قلب شہید بینظیر آباد 55 بستروں پر مشتمل ایک جدید ترین کارڈیک ہسپتال ہے جو چوبیس گھنٹے کارڈیک ایمرجنسی سروسز، پرائمری انجیو پلاسٹی اور پیڈیاٹرک کارڈیک کیئر مفت فراہم کرتا ہے۔ اس سہولت پر مستقبل قریب میں فالج سے متاثرہ مریضوں کو بھی علاج کی فراہمی کےلئے تیاریاں جاری ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کو بجلی کی فراہمی میں اضافے کا فیصلہ
تاریخی پس منظر
یہ سینٹر ابتدائی طور پر 12 اپریل 2018 کو پیپلز میڈیکل یونیورسٹی ہسپتال نواب شاہ میں قائم کیا گیا تھا، تاہم محدود جگہ کی وجہ سے اسے اب ایک نئی تیار کردہ سہولت میں منتقل کردیا گیا ہے جس سے وسطی سندھ کی آبادی کی خدمت کےلئے اس کی صلاحیت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ خاتون اول نے چوہدری محمد ظفر آرائیں اور عظیم مغل کے انسان دوستانہ تعاون کو بھی سراہا جنہوں نے ہسپتال کی عمارت عطیہ کی اور آئندہ سرجیکل ٹاور کےلئے مزید تعاون کا عزم کیا جو عوامی خدمت کے قابل تحسین جذبے اور انسانیت کی خدمت میں مشترکہ ذمہ داری کی عکاسی کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: حکومت کا ایران و عراق جانے والے زائرین کے لیے پروازوں میں اضافے کا فیصلہ
صحت کی بہتری کے اقدامات
’’اے پی پی‘‘ کے مطابق اس موقع پر سندھ کی وزیر صحت ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو نے کہا کہ صوبائی حکومت صحت عامہ کے اداروں کو مضبوط بنانے کےلئے پوری طرح پرعزم ہے۔ انہوں نے سندھ کے ادارہ برائے امراض قلب شہید بینظیر آباد کو صوبے کے صحت کی دیکھ بھال کے بنیادی ڈھانچے میں ایک بڑا اضافہ قرار دیا جس کا مقصد صحت کے تفاوت کو کم کرنا اور تمام شہریوں کےلئے دل کی معیاری نگہداشت تک رسائی کو یقینی بنانا ہے۔ ادارہ برائے امراض قلب ایگزیکٹو ڈائریکٹر پروفیسر جاوید اکبر سیال نے اجلاس کو ادارہ برائے امراض قلب نیٹ ورک کی توسیع اور کارکردگی کے بارے میں بریفنگ دی۔
تقریب میں شرکت
تقریب میں قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ، اعلیٰ سرکاری افسران، ہیلتھ کیئر پروفیشنلز اور سندھ کے ادارہ برائے امراض قلب نیٹ ورک کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔








