سیکیورٹی فورسز کا کوہلو میں آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 5 دہشتگرد ہلاک، اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد
سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع کوہلو میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
آپریشن کی تفصیلات
مسلح افواج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق 25 دسمبر کو سیکیورٹی فورسز نے ضلع کوہلو میں بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر آپریشن کیا۔ سیکیورٹی فورسز نے مؤثر انداز میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو نشانہ بنایا، شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد 5 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد ہلاک ہوگئے۔
ہلاک شدہ دہشتگردوں سے برآمدگی
آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد ہوا۔ دہشتگرد علاقے میں متعدد دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
مستقبل کے عزم
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز عزمِ استحکام کے مطابق انسدادِ دہشتگردی کی کاروائیاں جاری رکھیں گی۔ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشتگردی کا ناسور مکمل ختم کیا جائے گا۔








