پاکستان اور بھارت کی نوجوان نسل بہت باشعور ہو چکی، لڑائی نہیں امن چاہتی ہے, دوستی کی طرف جانا چاہیے، امن قائم کئے بغیر ترقی کا حصول ناممکن ہے
مصنف:رانا امیر احمد خاں
قسط:260
انڈین سول سوسائٹی وفود کی پاکستان آمد
مئی 2008 ء کے دوسرے ہفتے میں بھارت دہلی سے معروف سماجی شخصیت ستیاپال جی کی قیادت میں ایک بھارتی وفد نے لاہور اور فیصل آباد کا دورہ کیا۔ سٹیزن کونسل آف پاکستان کی جانب سے خیرسگالی کے دورہ پر آئے ہوئے وفد کے اعزاز میں مورخہ 14 مئی کو ایک ظہرانہ لاہور کاسمو پولیٹن کلب باغ جناح میں دیا گیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پاکستان سٹیزن کونسل کے صدر رانا امیر احمد خاں نے کہا کہ ہمارے خطے میں امن قائم کئے بغیر ترقی کا حصول ناممکن ہے۔
بھارتی وفد کے خیالات
بھارت سے آئی ہوئی وفد کی رکن ڈاکٹر منزہ احمد خاں نے کہا کہ بھارت میں بننے والی مشہور بنارسی ساڑھی مسلمان اور ہندو مل کر بناتے ہیں تو پھر پیار، امن اور محبت سے کیوں نہیں رہ سکتے۔ مدھیہ پردیش کے ماہر تعلیم اور سابق پرنسپل راجیشور اندھر پور نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کی نوجوان نسل بہت باشعور ہو چکی ہے۔ وہ لڑائی نہیں امن چاہتی ہے۔ سابق خاتون وزیر برائے میڈیکل ایجوکیشن بھارتی پنجاب ڈاکٹر ماری تھاپڑ نے کہا کہ ہمیں دوستی کی طرف جانا چاہیے۔ اس موقع پر بھارتی فلم آرٹسٹ میڈم کویتا اور ستیاپال جی نے بھی اظہارِ خیال کیا اور بھارت پاکستان کے درمیان دوستی اور امن کے فروغ پر زور دیا۔
دوسری تقریب کا ذکر
ظہرانہ میں سٹیزن کونسل کی جانب سے ظفر علی راجا، سجاد محمود ایڈووکیٹ، معروف صحافی علی فاروق ملک اور پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے پروڈیوسر افتخار مجاز نے بھی شرکت کی۔
ڈاکٹر کیول دھیر کی لاہور آمد
انڈیا لدھیانہ سے پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے ادیب، ناول نگار، افسانہ نگار ڈاکٹر کیول دھیر نے اپنے اعزاز میں سٹیزن کونسل آف پاکستان کی جانب سے منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اچھی انسانی زندگی کی بنیاد محبت پر ہے۔ دراصل انسانوں کے درمیان جو چیز پْل کا کام کرتی ہے وہ محبت ہی تو ہے۔ میرا ایمان ہے کہ میرے ادبی کردار پڑھنے والوں کو محبت کی وادی میں لے جاتے ہیں۔ سٹیزن کونسل کے صدر رانا امیر احمد خاں ایڈووکیٹ نے اپنے خطاب میں کہا کہ دونوں ممالک پاکستان اور انڈیا کے عوام دوستی، امن اور محبت سے رہنا چاہتے ہیں۔ کیونکہ انہوں نے 3 جنگیں لڑ کر دیکھ لیا ہے، جنگوں سے کوئی مسئلہ حل نہیں ہوتا۔
تقریر کرنے والوں کے نام
تقریب سے خطاب کرنے والوں میں معروف ادیب اظہر جاوید، سلیم اختر، شاعرہ سلطانہ منور صاحبہ اور ظفر علی راجہ ایڈووکیٹ کے اسمائے گرامی شامل ہیں۔ تقریب ہذا کا انعقاد مورخہ 7 اکتوبر 2009ء کونسل کے صدر کی رہائش گاہ 146-A گارڈن بلاک نیو گارڈن ٹاؤن لاہور میں کیا گیا تھا۔
بعدازاں ملاقاتیں
بعدازاں 2013ء تک دہلی بھارت سے ستیاپال جی تقریباً ہر سال کسی نہ کسی وفد کے ہمراہ پاکستان تشریف لاتے رہے اور راقم کو ملاقات اور میزبانی کا شرف بخشتے رہے۔ ایک مرتبہ انہوں نے مجھے فون کر کے آل پاکستان میوزک کانفرنس میں شرکت کرنے والے دہلی سے آئے ایک نامور گلوکار کے لیے مجھے اپنے گھر پر قیام کی سہولت دینے کے لیے بھی کہا جس کا پاس رکھا گیا۔ امرتسر بھارتی پنجاب سے معروف صحافی، لکھاری بوپندر سنگھ سندھو نے میرے بیٹے کی شادی کی تقریبات میں لاہور آکر شرکت کی۔
(جاری ہے)
نوٹ
یہ کتاب ”بک ہوم“ نے شائع کی ہے (جملہ حقوق محفوظ ہیں) ادارے کا مصنف کی آراء سے متفق ہونا ضروری نہیں۔








