جانوروں کے لیے عالمی معیار کے پنجرے، مرتضیٰ وہاب نے کراچی چڑیا گھر میں جدید سہولیات کا افتتاح کر دیا
کراچی چڑیا گھر میں جدید سہولیات کا افتتاح
کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کراچی چڑیا گھر میں جدید سہولیات کا افتتاح کر دیا۔
جدید پنجرے اور جانوروں کی فلاح و بہبود
تفصیلات کے مطابق میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ چڑیا گھر میں جانوروں کی فلاح و بہبود کے لیے عالمی معیار کے پنجرے بنائے گئے ہیں۔ نئے پنجروں کی تعمیر کے حوالے سے جانوروں کی قدرتی ماحول سے ہم آہنگی کو مد نظر رکھا گیا ہے۔ چڑیا گھر میں 20 سال پہلے آخری جانور خریدا گیا تھا۔
زو کے کچن کی عوامی دستیابی
’’جنگ‘‘ کے مطابق کراچی چڑیا گھر میں جدید سہولیات کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ کچھ عرصے میں زو کے کچن کو بھی پبلک کر دیں گے۔ جو شہری جانوروں کی فلاح کے لیے کام کرنا چاہتا ہے وہ ہمارا ساتھ دے۔ ہزاروں کی تعداد میں لوگ چڑیا گھر میں تفریح کے لیے آتے ہیں، اور ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے لوگوں کو یہاں تمام سہولتیں میسر ہوں۔








