باجوڑ میں سیکیورٹی آپریشن کے دوران 5 خوارج ہلاک، میجر عادل زمان شہید
سیکیورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن
راولپنڈی (ڈیلی پاکستان آن لائن) سیکیورٹی فورسز نے باجوڑ میں کامیاب آپریشن کے دوران بھارتی اسپانسرڈ 5 خوارج کو ہلاک کردیا جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے میجر عادل زمان شہید ہوگئے۔
یہ بھی پڑھیں: کوئی بات چیت نہیں ہو رہی، جو احتجاج کے لیے آئے گا گرفتار ہوگا، وزیر اطلاعات عطاء تارڑ
تفصیلات
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے 29 دسمبر کو ضلع باجوڑ کے علاقے خار میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ آپریشن بھارتی پراکسی تنظیم فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے خوارج کی موجودگی کی اطلاع پر کیا گیا۔ کاروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم 5 خوارج کو ہلاک کردیا گیا۔ ہلاک خوارج کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: لاہور میں ڈاکو بے لگام، فیکٹری ملازمین کو رسیوں سے باندھ کر ایک کروڑ روپے مالیت کا سامان لوٹ کر فرار
میجر عادل زمان کی قربانی
دہشت گردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران میجر عدیل زمان بہادری سے لڑتے ہوئے جامِ شہادت نوش کر گئے، وہ اگلے مورچوں سے اپنی ٹیم کی قیادت کر رہے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: جہلم میں مبینہ طور پر موبائل فون رکھنے کے الزام پر بہو کو سسرالیوں نے بدترین تشدد کا نشانہ بنا ڈالا
دہشت گردوں کا پس منظر
ایکسپریس نیوز کے مطابق آئی ایس پی آر نے بتایا کہ یہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے خلاف متعدد دہشت گرد کارروائیوں کے ساتھ ساتھ معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، علاقے میں مزید بھارتی اسپانسرڈ خوارج کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
قومی ایکشن پلان کا عزم
وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بلا تعطل انسدادِ دہشت گردی مہم پوری شدت کے ساتھ جاری رہے گی تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔








