ریاض میں UETAS کی تقریب، قاسم علی شاہ کی شرکت
پروقار تقریب کا انعقاد
ریاض (وقار نسیم وامق) سعودی عرب میں یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی یو ای ٹی کے سابقہ طلباء UETAS کی جانب سے ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سفیر پاکستان احمد فاروق، معروف موٹیویشنل اسپیکر قاسم علی شاہ سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: دبئی سے لاہور چاندی کی بھاری کھیپ سمگل کرنے کی کوشش ناکام، ملزم گرفتار
سفیرِ پاکستان کی گفتگو
سعودی دارالحکومت ریاض میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سفیرِ پاکستان احمد فاروق نے کہا کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی انجینئرز اور پروفیشنلز اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں اور پاک سعودی تعلقات کی مضبوطی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، جبکہ سعودی ویژن 2030 کی تکمیل میں بھی پاکستانی کمیونٹی اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سٹیڈیم کے قریب بجلی گرنے کا واقعہ ، پاکستان اور جنوبی افریقہ کا تیسرا ٹی ٹوئنٹی میچ تاخیر کا شکار
موٹیویشنل اسپیکر کا پیغام
تقریب سے کلیدی خطاب کرتے ہوئے معروف موٹیویشنل اسپیکر قاسم علی شاہ نے زندگی میں توازن، مثبت سوچ اور مسلسل سیکھنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زندگی اُس وقت خوبصورت بنتی ہے جب انسان اپنے کام، خاندان، صحت اور تعلقات کے درمیان توازن قائم کر لیتا ہے، جبکہ کامیابی کا راز خود کو بہتر بنانے کے عمل کو جاری رکھنا، مثبت سوچ اور نظم و ضبط کو اپنانا ہے۔
تقریب کے منتظمین کی آراء
تقریب کے منتظمین مظہر علی، عاصم جمیل، محسن علی اور طارق شہزاد کا کہنا تھا کہ بطور اوورسیز پاکستانی ان کا بنیادی مقصد باہمی روابط کو مضبوط بناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ پاکستانی افرادی قوت کے لیے سعودی عرب میں روزگار کے مواقع پیدا کرنا ہے۔








