ایف آئی اے پشاور زون کی کارروائی، حوالہ ہنڈی میں ملوث 2 ملزمان گرفتار، کروڑوں روپے برآمد
ایف آئی اے کی بڑی کارروائی
پشاور (ڈیلی پاکستان آن لائن) ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل پشاور اور کمپوزٹ سرکل ایبٹ آباد نے مشترکہ طور پر حوالہ ہنڈی کے خلاف بڑی کارروائیاں کرتے ہوئے کروڑوں روپے برآمد کر کے 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ؛بانی اور بشریٰ بی بی کا توشہ خانہ ٹو کیس کا ٹرائل رکوانے کیلئے عدالت سے رجوع
ملزمان کی گرفتاری کی تفصیلات
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان شیر نواز اور اجمیر شاہ کو پشاور کے علاقے صدر اور بٹگرام سے گرفتار کیا گیا۔ ملزم اجمیر شاہ کے قبضے سے 2500 سعودی ریال اور ایک کروڑ 67 لاکھ روپے نقد برآمد ہوئے، جبکہ ملزم شیر نواز کے قبضے سے 3 لاکھ 74 ہزار روپے برآمد کیے گئے۔ گرفتار ملزمان سے موبائل فونز اور حوالہ ہنڈی سے متعلق اہم شواہد بھی قبضے میں لے لیے گئے ہیں۔ ملزمان برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔
تفتیش اور مزید کارروائیاں
ترجمان کے مطابق دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ حوالہ ہنڈی نیٹ ورک میں شامل دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔








